Latest News

پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارک میں گستاخی کا معاملہ، کیسے بنا عالمی تحریک۔

پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارک میں گستاخی کا معاملہ، کیسے بنا عالمی تحریک۔
نئی دہلی: حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو ترجمانوں نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں یکے بعد دیگرے گستاخانہ بیانات دیے۔ مُلک مسلمانوں کو ان بیانات کے بارے میں ایک اسلامی تنظیم نے ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا۔ 
مشہور مسلم تنظیم رضا اکیڈمی کی طرف سے گزشتہ ماہ یعنی مئی کی 28تاریخ کو یہ ٹوئٹ کرکے دونوں گستاخوں کی گرفتاری کے لیے مہم کا بھی آغاز کیاگیا۔ ممبئی میں قائم مذکورہ مسلم تنظیم نے ممبئی میں ہی ان گستاخوں کےخلاف مقدمہ بھی درج کروایا ہے۔ اس کے علاوہ معروف مسلم صحافی محمد زبیر نے اپنے ٹوئٹ اکائونٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں بی جے پی کی قومی ترجمان خاتون 37سالہ نوپور شرما کوایک ٹی وی چینل پر مغلظات بکتے دکھایا گیا ہے۔ 
نیوز چینل ’’ٹائمز نائو‘‘ پر یہ منظر دیکھ کر مسلمانوں کے جذبات بھڑک اٹھے اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ عرب ممالک کویت، قطر، سعودی عرب کے علاوہ ایران اور مصر نے ان مذموم بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ 
قطر، کویت اور ایران میں بھارتی سفیروں کو طلب کیا گیا اور ان کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے خلاف اپنے جذبات سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔ مختلف خلیجی ممالک ایران اور مصر میں نہ صرف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں بلکہ بیشتر ممالک میں ہندوستانی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔ عمان کے مفتی اعظم کی اپیل پر ان ممالک میں اسٹورز پر سے بھارتی مصنوعات اور دیگر اشیاء ہٹا دی گئی ہیں۔ ان ممالک نے بھارت سے ان دو ترجمانوں نوپور شرما اور نوین کمار جندل کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور بھارتی حکومت کی طرف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب ممالک اور ایران سے اس واقعہ پر شدید ردعمل سامنے آنے پر حکومت نے گزشتہ روز اتوار کوسرکاری طور پر اعلان کیا کہ ترجمان نوپور شرما کی ابتدائی پارٹی رکنیت معطل کر دی گئی ہے اور نوین کمار جندل کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ مسلمانوں نے دونوں ترجمانوں کی معطلی کو وقتی قرار دیا ہے اور اس کو عارضی طور پر آگ کو ٹھنڈا کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔ ان کا بدستور یہ مطالبہ ہے کہ ان دونوں گستاخوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ ورنہ احتجاج کا سلسلہ وسیع ہوتا جائے گا۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر