Latest News

کسی بھی مسجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کا کوئی آرڈر جاری نہیں ہوا، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی سے پولیس کمشنر کی وضاحت۔

کسی بھی مسجد سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کا کوئی آرڈر جاری نہیں ہوا، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی سے پولیس کمشنر کی وضاحت۔
کانپور: شہر کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر لاؤڈ اسپیکرپر اذان کو لے کر مقامی افسران کے ذریعہ ائمہ مساجد، متولیان وذمہ داران کو اجازت نامہ کے نام پر بے جا پریشان کئے جانے کے مسئلہ کو لے کر جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے پولیس کمشنر وجے سنگھ مینا سے ملاقات کر انہیں درپیش پریشانیوں سے واقف کرایا۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ طویل عرصہ سے مساجد میں نماز کے وقت لاؤ ڈ اسپیکر کی مدد سے اذان دی جاتی رہی ہے۔ سال 2018-19میں حکومت کے ذریعہ جب لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو عدالت عظمیٰ کی رہنما ہدایات کے مطابق محدود کرنے کی ہدایت آئی تھی تو اس وقت لوگوں نے کہیں تھانے، چوکی تو کسی نے دیگر انتظامیہ کے افسران کواپنی عرضیاں دے کر لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کی علامتی اجازت حاصل کر لی تھی، پھر حالات معمول کے مطابق چلتے رہے، لیکن ادھر کچھ دنوں سے دوبارہ اذان دینے میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مقامی افسران کے ذریعہ مساجد کے ذمہ داران کو بلا کر یا مسجد پہنچ کر ’اجازت نامہ‘ کا مطالبہ کرنے اور لاؤڈ اسپیکر اتروانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس سے لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ مولانا عبد اللہ قاسمی نے پولیس کمشنر سے کہا کہ سب سے پہلے تو لوگوں کو اس طرح سے پریشان کرنے کا سلسلہ بند کرائیں، ایسے معاملوں میں جو محکمہ جاتی اہلکار ملوث ہیں انہیں صحیح معلومات مہیا کرایا جائے۔اس کے بعد مذکورہ کام کیلئے اپنے محکمہ کے کسی افسر کو تقرر کر دیں، جس کے پاس مذہبی مقامات میں استعمال کئے جانے والے لاؤڈ اسپیکروں کو سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق استعمال کرنے کیلئے اجازت نامہ دینے یا جن کے پاس کسی طرح کا کوئی پرانا اجازت نامہ ہے تو اس کی تجدید کرنے کا اختیار ہو۔ جہاں لوگ اپنے مسائل کو لے جاکر حل کر اسکیں اور پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پولیس کمشنر وجے سنگھ مینا نے ملاقات کے دوران مسائل کو بغور سنا اور بتلایا کہ نہ تو کورٹ کی طرف سے اور نہ ہی سرکار کی طرف سے لاؤڈ اسپیکر اتروانے کا کوئی آرڈر جاری ہوا ہے، انہوں نے اطمینان دلایا کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے پرکسی طرح کی کوئی روک یا پابندی نہیں ہے، عدالت کے حکم کے مطابق آواز کا ایک پیمانہ ہے جس کا مقصد ہی ہے کہ اتنی آواز لوگوں تک پہنچے جو کسی پریشانی کا سبب نہ بنے۔ بیشتر مساجد مسلم اکثریتی علاقوں میں ہیں، شہر کی اسی (80) فیصد مساجد میں اس تعلق سے جاری ہدایات پر عمل ہو رہا ہے، جو کہ اچھی بات ہے۔ پھر بھی اگر کوئی شکایت یا غلط فہمی ہے جس سے لوگوں کوپریشانی ہورہی ہے تو اسے ہم اپنی سطح سے جلد حل کراکر آپ کی شکایت دور کرائیں گے۔
اس موقع پر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، سکریٹریان قاری عبدالمعید چودھری، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی اور آفس سکریٹری محمد سعد موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر