Latest News

وارانسی: جمعیۃ علماء ہند کی مسلمانوں سے اہم اپیل۔

وارانسی: جمعیۃ علماء ہند کی مسلمانوں سے اہم اپیل۔
وارانسی: بی جے پی کی سابق قومی ترجمان نوپور شرما کے حضورﷺ پر نازیبا تبصرہ کے بعد ملک و بیرونِ ملک میں مسلمانوں نے احتجاج درج کروائے اور نوپور شرما کو گرفتار کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا اس دوران متعدد جگہ پولیس اور عوام کے بیچ جھڑپیں بھی ہوئیں جس سے دونوں طرف سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جس پر کاروائی کرتے ہوئے انتظامیہ نے درجنوں نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں شروع کر دی جس سے اقلیتوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے ایسے نازک حالت میں حافظ عبید اللہ جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش مشرقی زون نے مسلمانوں سے ایک اہم اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا وطن عزیز بہت ہی نازک صورت حال سے گزر رہا ہے فرقہ پرستی اور نفرتوں کا بازار عروج پر ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ذمہ داران قانون نافذ کرنے میں اور اپنی عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں بظاھر ناکام نظر آرہے ہیں مظلوموں کی فریاد سننے والا کوئی نظر نہیں آ رہا ان حالات میں بحیثیت ایک ذمہ دار شہری کے ہماری بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں۔

یقیناً ایک مسلمان کا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کے دل میں اسکی ذات، ماں، باپ، اولاد اور مال و دولت سے زیادہ جناب سرور کونینﷺ کی محبت نہ ہو۔ اپنے نبیﷺ کی حرمت پر آنچ ہم ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن جمہوری طریقے پر ہم اس کے خلاف اپنا احتجاج بھی درج کریں گے اور قانونی کارروائی بھی کریں گے۔ اس تعلق سے جمعیۃ علماء ہند کی ایک پٹیشن سپریم کورٹ میں زیر سماعت بھی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہم سڑکوں پر نکل جائیں اور باطل کے بچھائے ہوئے جال کا شکار ہو جائیں۔ ہم اپنے نوجوانوں سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ خدارا ہوش کے ناخن لو، کسی کے بہکاوے میں ہرگز مت آؤ، آپ کا سڑکوں پر نکلنا باطل طاقتوں کی کامیابی ہے۔ غیر سماجی عناصر ایسے موقعوں کے منتظر ہیں کہ آپ سڑکوں پر نکلیں اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم سرکار دوعالمﷺ سے سچی محبت کرتے ہیں تو اُسکا تقاضا یہ ہے کہ آپ کی تعلیمات کو اپنائیں۔ "اللہ کے نبیﷺ فرمایا جو تم سے رشتہ توڑے تم اس سے رشتہ جوڑو، جو تمھارے ساتھ ظلم کرے تم اس کو معاف کردو، جو تمہارے ساتھ بدسلوکی کرے تم اس کے ساتھ احسان کرو۔" یاد رکھو نفرت کو کبھی بھی نفرت سے نہیں مٹایا جاسکتا۔ قرآن میں فرمایا گیا کہ "جواب دو اس کے ذریعے جو اس سے بہتر ہو، پھر تو دیکھ لیگا کہ تیری جس سے دشمنی تھی گویا کہ وہ جگری دوست ہے۔"
اخیر میں پھر اپنے نوجوانوں سے یہی اپیل کرتا ہوں کہ اپنے جذبات پر قابو رکھو، یہ نفرتی عناصر مُٹھی بھر ہیں (جو کسی بھی سماج میں ہو سکتے ہیں)، ہم انکے بہکاوے میں آکر خود اپنے لیے، اپنے اہل خانہ کے لیے اور اپنے ملک و ملت کے لیے مصیبت اور بدنامی کا باعث نہ بنیں۔ اپنے بڑوں پر اعتماد کریں اور اُنکی ہدایت پر عمل کریں اللہ کی طرف رجوع کریں، اپنے گناہوں پر توبہ و استغفار کریں، باجماعت نماز پنجگانہ اور ذکر و تلاوت کا خوب اہتمام کریں رات طویل تو ہو سکتی ہے لیکن انشاء اللہ صبح بھی ضرور ہوگی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر