Latest News

سڑک حادثہ میں دو نوجوانوں کی دردناک موت، دیہی لوگوں نے کیا روڈ جام۔

سڑک حادثہ میں دو نوجوانوں کی دردناک موت، دیہی لوگوں نے کیا روڈ جام۔
دیوبند: (سمیر چودھری)
دیوبند کی قریبی قصبہ بڑ گاوں میں ایک بولیرو گاڑی نے بائک میں زبردست ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں دو نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ بولیرو گاڑی کا ڈرائیور گاڑی لیکر فرار ہوگیا۔ حادثہ سے ناراض بڑ گاوں کے باشندوں نے مین روڑ کو جام کردیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے جام لگانے والے ناراض لوگوں کو سمجھا بجھا کر خاموش کیا۔
تفصیل کے مطابق چورا گاوں کا باشندہ 20سالہ پنکج کی پھپھو کے یہاں شادی ہونے والی تھی اسلئے وہ گذشتہ شام اپنے گاوں کے ہی ساتھی 22سالہ سورج کے ساتھ بھات لیکر بڑ گاوں گیا تھا۔ بھات کے پروگرام میں شامل ہوکر وہ دونوں بائک سے اپنے گھر واپس آرہے تھے اسی دوران بڑ گاوں میں پٹرول پمپ کے قریب سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار بولیرو گاڑ ی نے بائک میں ٹکر ماردی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی دیوبند نانوتہ روڑ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے جام لگادیا۔ جس کے باعث دونوں جانب گاڑی کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔جام لگائے جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی لیکن پولیس نے بڑے ہجوم اور ان کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے اپنے افسران کو اطلاع دیدی جس کے بعد دیوبند کے ایس ڈی ایم دیپک کمار اور سی او رام کرن پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ ان افسران نے بھی ناراض لوگوں کے بڑے ہجوم کو دیکھ کر آس پاس کے کئی تھانوں سے پولیس کو بلالیا ۔اس کے بعد افسران نے جام لگانے والے لوگوں سے بات کی اور انہیں سمجھا بجھاکر خاموش کیا۔ اس موقع پر افسران نے وہاں موجود ناراض لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد ملزم کو گرفت میں لے لیا جائے گا۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر