شری کانت تیاگی کی حمایت میں برادری کی مہا پنچایت کے دوران نوئیڈا سوسائٹی نے پوسٹر لگا کر کیا خاموش احتجاج۔
نوئیڈا:  اتر پردیش کے نوئیڈا کی گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے ملزم شری کانت تیاگی کی حمایت میں آج سیکٹر 101 میں ایک بڑی مہاپنچایت منعقد ہوئی۔ دوسری طرف شری کانت تیاگی کی حرکتوں کے خلاف احتجاج میں سوسائٹی کے لوگوں نے بھی پوسٹر لگا کر خاموش مظاہرہ کیا۔ گرینڈ اومیکس سوسائٹی کے لوگوں نے سری کانت تیاگی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کچھ پوسٹر لگائے اور خاموش مظاہرہ کیا۔

سوسائٹی میں لگائے گئے پوسٹر میں لکھا ہے کہ گرینڈ اومیکس سوسائٹی کے مکین ہراسانی، جبر، خواتین کی توہین، بدسلوکی، گلی گلوج اور تجاوزات کے خلاف ہیں۔ یہ پوسٹر سوسائٹی کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں، تاکہ ایک خاموش مظاہرہ کا پیغام دیا جاسکے کہ سوسائٹی کے لوگ شری کانت تیاگی کی حرکتوں کے خلاف ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ 5 اگست کو بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کا نوئیڈا کے سیکٹر 93 میں واقع گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کا ویڈیو منظر عام پر آیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد تنازعہ بڑھتے ہی نوئیڈا پولیس نے شری کانت تیاگی کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور کئی دنوں کے بعد شری کانت تیاگی کو میرٹھ سے گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے بعد سے یہ معاملہ نوئیڈا میں سیاسی طور پر زور پکڑ رہا ہے۔
اس معاملے میں شری کانت تیاگی کے خلاف مقامی ایم پی مہیش شرما کے بیان سے تیاگی برادری کافی ناراض ہے۔ تیاگی سماج مہیش شرما اور بی جے پی پر شری کانت تیاگی کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرنے کا الزام لگا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تیاگی سماج نے آج نوئیڈا میں ایک بہت بڑی مہاپنچائیت کا انعقاد کیا، جس میں بی جے پی اور مہیش شرما کے خلاف نعرے لگائے گئے۔