Latest News

مسلم دانشوروں سے ملاقات کے بعد اب اچانک مسجد پہنچے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت۔

مسلم دانشوروں سے ملاقات کے بعد اب اچانک مسجد پہنچے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت۔
نئی دہلی: مسلم دانشوروں سے ملاقات کے بعد آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت جمعرات کو دہلی کی ایک مسجد پہنچے اور وہاں کے آئمہ سے ملاقات کی۔
دراصل مولانا ڈاکٹر جمیل الیاسی کی برسی پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے آج کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد میں مولانا جمیل الیاسی مرحوم کے مزار پر جاکر دہلی کے مسلم دانشوروں اور آئمہ سے ملاقات کی اور مزار پر پھول چڑھائے۔ ان کے ساتھ سنگھ کے اندریش کمار، رام لال اور کرشن گوپال موجود تھے۔ میٹنگ میں آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمیر الیاسی اور شعیب الیاسی بھی موجود تھے۔ موہن بھاگوت تقریباً ایک گھنٹے تک مسجد میں رہے۔
ڈاکٹر جمیل الیاسی کے صاحبزادے شعیب الیاسی نے کہا کہ موہن بھاگوت کی مسجد آمد ملک کے لیے بڑا پیغام ہے، یہ ہمارے لیے خوشی کا موقع ہے، یہ محبت کا پیغام ہے، شعیب نے یہ بھی کہا کہ موہن بھاگوت کی سماج میں جو تصویر پیش کی جاتی ہے وہ ایسے نہیں ہیں۔
آپ کو بتادیں آر ایس ایس نے حال ہی میں مسلمانوں سے رابطہ بڑھایا ہے اور بھاگوت نے سماج کے لیڈروں سے کئی ملاقاتیں کی ہیں، گزشتہ سال بھی انہوں نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں مسلم دانشوروں کے ایک گروپ سے ملاقات کی تھی، ستمبر 2019 میں بھاگوت نے دہلی میں آر ایس ایس کے دفتر میں جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی  سے بھی ملاقات کی تھی۔ 
قابل ذکر بات یہ ہے کہ مسلم کمیونٹی کے کچھ دانشوروں نے گزشتہ ماہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر