پی ایم مودی نے’ایک ملک ایک پولیس یونیفارم‘ کی تجویز پیش کی۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام ریاستوں کی پولیس میں یکسانیت لانے، انہیں ایک مشترکہ شناخت دینے اور ان کی طاقت کومتحد کرنے کے لیے 'ایک قوم ایک راشن کارڈ کی طرز پر 'ایک قوم ایک پولیس یونیفارم شروع کرنے کی تجویزپیش کی ہے۔
جمعہ کو ریاستی وزرائے داخلہ کے چنتن شیور سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اسی رفتار سے نئے چیلنجز بھی سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی اور مرکزی حکومت کو ٹیم انڈیا کے جذبے سےان چیلنجوں سے قومی تناظر کو آگے رکھ کر نمٹنا ہوگا اور اگر ہم متحد ہوکر ان کا مقابلہ کریں گے تو تمام چیلنجزچھوٹے ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوف اور دہشت سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام ریاستوں کی پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کو سماج دشمن طاقتوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی ہوگی اور اس معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جانی چاہیے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ملک میں جس طریقے سے ایک ملک ایک راشن کارڈ اورایک ملک ایک گرڈ کا انتظام کیاہے اسی طرزپرایک ملک ایک پولیس یونیفارم کے آئیڈیا پر بھی سنجیدگی سے تبادلہ خیال کیاجانا چاہئے۔ ایسا طریقہ اختیارکرنے سے پورے ملک کی پولیس کو فائدہ ہوگا، ایک تو ان کی شناخت یقینی ہوگی، دوسرا معیار بڑھے گا اور پولیس کے بیڑے میں ایک دوسرے کی طاقت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خیالات کسی ریاست پر مسلط نہیں کرنا چاہتے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس تجویز پر غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں وردی نافذ کرتے وقت ریاست اینے خصوصی ٹیگ یا علامت کو وردی پر لگاسکتے ہیں۔
0 Comments