والد کی لاٹھی اور والدہ کی امیدیں ہیں بیٹیاں، انھیں تحفظ، برابری کے مواقع اور احترام دلانا ہوگا: راہل گاندھی۔
نئی دہلی: کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا جاری ہے۔ کرناٹک کے چتردرگ سے منگل کو پدیاترا کے 34ویں دن کی شروعات ہوئی۔ پدیاترا کے درمیان 'انٹرنیشنل گرل چائلڈ ڈے پر راہل گاندھی نے ملک کی بیٹیوں کو لے کر ایک جذباتی پیغام دیا ہے۔ یاترا کے دوران بچیوں کے ساتھ لی گئی تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے والد کی لاٹھی ہے، اور والدہ کی امید، ہر گھر کا سہارا ہیں، ہماری بیٹیاں۔ ملک کے روشن مستقبل کے لیے ہم سب کو ہر حال میں انھیں تحفظ، برابری کا موقع اور احترام دلانا ہی ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا کا مقصد ہی ملک کو جوڑنا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ پدیاترا نفرت، تشدد، جرائم، اونچ نیچ اور سماج میں پھیلی لاتعداد برائیوں کے خلاف ہے۔ ظاہر ہے کہ اسی سماج میں خواتین کے خلاف جرم بڑھ گیا ہے۔ آج ملک میں خواتین کے خلاف کس طرح کا تشدد ہو رہا ہے، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں انہی باتوں کی طرف اشارہ کیا ہے اور خواتین، بچیوں کو انصاف دلانے کی بات کہی ہے۔واضح رہے کہ این سی آر بی کے اعداد و شمار سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک میں خواتین کی کیا حالت ہے۔ ملک میں 2021 میں، 2020 کے مقابلے خواتین کے خلاف جرائم میں 15.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ قومی جرائم ریکارڈ بیورو کے ذریعہ جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کے 428278 معاملے درج ہوئے ہیں، جب کہ 2020 میں 371503 معاملے درج ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق 2021 میں خواتین کے خلاف جرائم کی اعلیٰ شرح آسام (168.3 فیصد) میں درج کی گئی ہے۔ این سی آر بی کی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فی ایک لاکھ کی آبادی پر خواتین کے خلاف جرائم 2020 میں 56.5 فیصد سے بڑھ کر 2021 میں 64.5 فیصد ہو گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار بے حد خوفناک ہیں۔ ایسے میں ملک کی خواتین کو تحفظ، برابری کے مواقع اور احترام دلانے کی ضرورت ہے، جس کا تذکرہ راہل گاندھی نے کیا ہے۔
0 Comments