Latest News

آن لائن عالمی سیرت کوئز کمپٹیشن کے کامیاب امیدواروں کا اعلان، ٹاپرس کو انعام سے نوازا گیا، پرمیشور سنگھ نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔

آن لائن عالمی سیرت کوئز کمپٹیشن کے کامیاب امیدواروں کا اعلان، ٹاپرس کو انعام سے نوازا گیا، پرمیشور سنگھ نےتیسری پوزیشن حاصل کی۔
ممبئی:  مہم ProphetForAll#، ممبئی کے تحت سیرت کوئز کمپٹیشن کا آن لائن انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ انگریزی زبان میں پچاس سوالوں پر مشتمل یہ مسابقہ گوگل فارم کے ذریعے منعقد کیا گیا تھا۔ اس مسابقے میں مسلم و غیر مسلم طلبہ و طالبات نے دنیا بھر سے شرکت کی۔ اس سیرت کویز کمپٹیشن کا سب سے خوش آئند پہلو یہ ہے کہ اس کے ذریعے شرکاء کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف گوشوں سے واقفیت حاصل ہوئی، شرکاء نے اپنی تحقیق کے بعد جوابات درج کئے، اس میں جو غلطیاں ہوئیں ان کی نشاندہی اور صحیح جواب کے ساتھ تمام شرکاء کو ای میل کےذریعے ان کی کاپی بھیج دی گئی۔ اس مسابقے سے مسلم معاشرے کا ایک افسوسنا ک پہلو یہ بھی سامنے آیا کہ کچھ نوجوان اسلام کی بنیادی باتوں سے بھی واقف نہیں. مثلا: ایک سوال تھا کہ قرآن کس کا کلام ہے تو تقریبا دس طلباء نے اس کا غلط جواب دیا، اسی طرح ایک دوسراسوال تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا رب کون ہے تو اس کابھی کئی طلبا صحیح جواب نہیں دے سکے۔ اسی طرح رسول اللہﷺ کا نام،آپﷺ کے والد کا نام، آپ کی رضاعی والدہ کا نام وغیرہ کے تعلق سے پوچھے گئے سوالات کے کئی جوابات غلط آئے۔اس لئے اس بات کی ضرورت ہے کہ زیادہ سے زیادہ مختلف قسم کے پروگرامس کے ذریعے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے مختلف گوشوں سے لوگوں کو واقف کرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزالمعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے کیا۔واضح رہے کہ مسابقے کا مواد مرکزالمعارف کے ذریعے مفتی جسیم الدین قاسمی کی نگرانی میں تیار کیا گیا تھا۔ مفتی صاحب نے کہاکہ مسابقے میں کامیاب ہونے والوں کی تعداد تقریبا ڈیڑھ سو ہے نیز شرکاء میں 90 فیصد اسکول و کالج کے طلباء وطالبات تھے۔سیرت کوئز کمپٹیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دو طلبہ ہیں۔ ایک عزیزالدین بن ریاض الدین۔ یہ ازبا اسکول ، ٹونک، راجستھان میں بارہویں کلاس کے طالب علم ہیں۔ دوسرے سری نگر، کشمیر کے بارہویں جماعت کے طالب علم محمد ادریس بن ناظر احمد احمد ہیں۔ دوسری پوزیشن پرمیشور سنگھ ، بی ایس سی تھرڈ ایئر ، پی ایم ٹی، بلاسپور ، چھتیس گڑھ کے طالب علم حصے میں آئی، اسی طرح تیسری پوزیشن یونیٹی لا کالج، کٹیہار بہار کے طالب علم گوہراقبال اور بھوپال، ایم پی ، رانا پرتاب اسکول کے طالب علم محمد عمر نے مشترکہ طورپر حاصل کی۔مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے تمام شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اور بھی پروگرام مستقبل میں کئے جائیں گے جس میں اپنی سعادت سمجھ کر زیادہ سے زیادہ طلبہ ضرور شرکت کریں۔نیز انہوں نے کہا کہ ProphetForAll# 'نبی سب کے لیے مہم کے روح رواں یوسف ابراہنی، چیرمین اسلام جمخانہ اور ان کی ٹیم پوری قوم کی طرف سے شکریہ اور مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے سیرت رسول پاک اور رسول اللہ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے کئی شاندار اوراپنی نوعیت کے منفرد پروگراموں کا انعقاد کیا، اللہ انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر