گجرات کے کھیڑا میں گربا پنڈال پر پتھرائو، بھیڑ کے سامنے ملزمین کو کھمبے سے باندھ دیاگیا، پولس نے ماری لاٹھیاں، ہاتھ جوڑ کر معافی منگوائی۔
احمد آباد: گجرات کے کھیڑا ضلع میں سوموار کی دیر شب گربا پنڈال پر ہوئی پتھر بازی کے بعد پولس نے ۹ لوگوں کو حراست میں لیا ہے، حراست میں لیے گئے ملزمین کو پولس گائوں لے کر آئی اور باری باری اس کی پٹائی کی، اس کے بعد ملزمین سے ہاتھ جوڑ کر ہندو کمیونٹی سے معافی بھی منگوائی۔ الزام لگایا جارہا ہے کہ ضلع کی ماتر تحصیل کے اڈھیلا گائوں میں سوموار کی شب دوسری کمیونٹی کے لوگ گربا پنڈال میں گھس گئے تھے، خواتین سے بحث بازی کے بعد انہوں نے وہاں حملہ کردیا تھا، اس واقعے میں نصف درجن لوگ زخمی ہوگئے ، کھیڑا ایس پی راجیش گڑھیا نے بتایاکہ اڈھیلا گائوں میں تلجا مندر کے پاس یہ واقعہ پیش آیا، یہاں گائوں کے سرپنچ اندرودن پٹیل نے گربا پروگرام منعقد کیا تھا۔ دیر شب جب گربا کھیلا جارہا تھا تبھی عارف اور ظہیر کی قیادت میں کچھ لوگ وہاں آگئے، اور ماتا کے بھکتوں کو گربا کرنے سے روکنے لگے، جب اس کی مخالفت کی گئی تو ان لوگوں نے پتھر بازی کردی، اس حملے میں ۹ خواتین کو چوٹیں آئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ پتھرائو میں ہوم گارڈ بھی زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی کھیڑا ضلع کے ڈی ای سپی پولس ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچے، زخمیوں کو علاج کےلیے اسپتال پہنچایا، ڈاکٹروں نے فوری طبی امداد پہنچانے کے بعد انہیں رخصت دے دی، وہیں پولس نے معاملہ درج کرکے ۹ لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمین کو مارے جانے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں ان لوگوں کو کھمبے سے باندھ کر پٹائی کی جارہی ہے۔
0 Comments