مدھیہ پردیش میں مسلمانوں کے تین گھروں پر بلڈوزر چلا دیاگیا، گربا پنڈال پر پتھر بازی کا الزام، ۱۹؍ کے خلاف مقدمہ، ۷؍گرفتار۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے مندسور میں گربا پنڈال پر پتھر بازی کرنے کے الزام میں تین مسلمانوں کے گھروں پر انتظامیہ نے بلڈوزر چلا دیا ہے۔ یہ کارروائی منگل کی صبح کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق مندسور کے ایک گربا پنڈال پر پتھر بازی کے معاملے میں ۱۹ لوگو ںکے خلاف مقدمہ دائر کیاگیا تھا جس میں ۷ ملزمین کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ ان میں سے تین ملزمین ظفر، رئیس اور سلمان کےعالیشان گھر کو غیر قانونی قرار دے کر بلڈوزر چلادیاگیا۔ سیتا مئو تھانہ انچارج دنیش پرجاپتی نے بتایاکہ اتوار کی رات گرام سرجنی میں گربا پنڈال پر کچھ بدمعاشوں نے پتھر بازی کی تھی، اس معاملے میں شکایت ملنے کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی، مذکورہ معاملے میں ظفر، حافظ اور رئیس کا نام سامنے آیا تھا۔ تھانہ انچارج نے بتایاکہ ملزمین کے خلاف پہلے بھی مجرمانہ معاملے درج ہیں، ملزمین کے ذریعے غیر قانونی طور سے مکان بھی بنائے گئے تھے، ضلع انتظامیہ اور پولس محکمے نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے آج ان کے مکانوں کو توڑنے کی کارروائی کی، ملزمین کے مکان پر بلڈوزر چلایاگیا، اس دوران مندسور، سیتا مئو اور آس پاس کے علاقوں میں کثیر تعداد میں پولس فورس تعینات کی گئی تھی، پولس سے ملی جانکاری کے مطابق بائیک سے کٹ مارنے کی بات کو لے کر سرجنی میں تنامعہ شروع ہوا تھا، جس کے بعد پتھرائو او رمارپیٹ کی واردات رونما ہوئی، اس میں ۱۹ لوگوں کے نام سامنے آئے تھے، پولس اہلکار کے مطابق ملزمین کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ ہے انہیں بار بار سمجھایا گیا لیکن وہ مسلسل مجرمانہ سرگرمیاں انجام دیتے رہے۔ بلڈوزر کارروائی سے پہلے پولس گائوں میں پیدل مارچ نکالا جہاں بلڈوزر چلایاگیا اس علاقے کو پوری طرح بند کردیاگیا تھا، پولس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیے ہوئی تھی، بتایا جارہا ہے کہ مکان توڑنے کی نوٹس پہلے ہی دے دی گئی تھی، مکان پر بلڈوزر چلانے سے پہلے گھر میں موجود لوگوں کو نکال دیاگیا تھا۔
0 Comments