Latest News

حیدرآباد میں تین مسلم نوجوان گرفتار، آئی ایس آئی ایس کی ایماء پر عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی سازش کا دعویٰ۔

حیدرآباد میں تین مسلم نوجوان گرفتار، آئی ایس آئی ایس کی ایماء پر عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی سازش کا دعویٰ۔
حیدرآباد : حیدرآباد پولیس نے پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی ایما پر شہر حیدرآباد میں دہشت گرد حملوں کی سازش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں تین نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔گرفتار شدگان میں عبدالزاہد، سمیع الدین عرف سمیع اور معاذ حسن شامل ہیں جنہوں نے عوامی مقامات پر گرینیڈس سے حملوں کی سازش رچی تھی۔ باوثوق ذرائع سے ایک اطلاع ملنے پر پولیس نے عبدالزاہد متوطن ملک پیٹ حیدرآباد کو جو سابق میں شہر حیدرآباد میں دہشت گرد حملوں سے مربوط مختلف واقعات میں ملوث بتایا گیا ہے، گرفتار کرلیا ہے۔ زاہد نے آئی ایس آئی ایجنٹوں کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کئے تھے۔ اُس نے شہر حیدرآباد میں دہشت گرد کاروائیوں جن میں دھماکے کرنا اور تنہا حملہ کرنا شامل ہے، کو انجام دینے کی سازش تیار کی تھی جس کا مقصد عام افراد میں دہشت پیدا کرنا تھا۔ پولیس کو آج ایسی اطلاعات ملی تھیں کہ ملک پیٹ کے رہنے والے زاہد اور اس کے ساتھیوں کو 4ہینڈ گرینیڈس (دستی بم) کی کھیپ وصول ہوچکی ہے اور وہ، شہر میں سنسنی خیز دہشت گرد حملوں کی سازش کررہے ہیں، پولیس کی ایک ٹیم فوری حرکت میں آگئی اور ملک پیٹ سے ان 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ عبدالزاہد عرف موٹو39 سالہ ولد محمد عبدالوحید، موسیٰ رام باغ، ملک پیٹ حیدرآباد، محمد سمیع الدین عرف عبدالسمیع 39 سالہ ولد محمد جمیل الدین مرحوم تاجر، ارمان ٹاور، اکبر باغ سعید آباد اور معاذ حسن فاروقی 29 سالہ ولد اعجاز محی الدین رائل کالونی، ہمایوں نگر، مہدی پٹنم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس کے بموجب ان کے پاس سے چاردستی بم دستیاب ہوئے اور مذکورہ ملزمین پرہجوم مقامات کو نشانہ بناتےہوئے شہرمیں دہشت پھیلانے کے منصوبہ میں تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حیدر آباد سٹی پولیس نے اس گروہ کی خفیہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کیں اورانھیں بروقت گرفتارکرتے ہوئے ان کی سازش کو ناکام بنادیا۔ عبدالزاہد کے پاس سے دو دستی بم، 391800 روپے نقدی اور 2 موبائل فون، سمیع الدین کے پاس سے ایک ہینڈ گرنیڈ، 150000 روپے نقدی اور ایک موبائل فون کے علاوہ ایک بلٹ موٹر سائیکل ضبط کی گئی جبکہ تیسرے ملزم معاذ حسن کے پاس سے ایک دستی بم، دو موبائل فون برآمد ہوئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر