ناگپور پنچایت سمیتی انتخابات میں بی جے پی کوزبردست شکست، کانگریس کے ۹؍ چیئرپرسن، این سی پی ۳ اور شیوسینا کو ایک پر کامیابی۔
ممبئی: ناگپور پنچایت سمیتی کے چیئرپرسن اور ڈپٹی چیئرپرسن کے انتخابات میں بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا۔ تمام 13 پنچایت سمیتی کے لیے انتخابات میں بی جے پی ایک بھی چیئرپرسن کا عہدہ حاصل نہیں کر سکی۔ صرف تین ڈپٹی چیئرپرسن کے عہدے پر بی جے پی کو اکتفا کرنا پڑا۔ناگپور بی جے پی کے کئی سینئر لیڈروں کا آبائی شہر ہے۔ مہاراشٹر بی جے پی کے سربراہ چندر شیکھر باونکولے، ڈپٹی چیف منسٹر دیویندر فڑنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری ناگپور کے رہنے والے ہیں۔ اپوزیشن کانگریس نے تبصرہ کیا کہ ناگپور میں بی جے پی کی بھاری شکست، پارٹی کے زوال کی نشاندہی کرتی ہے۔کل 13 پنچایت سمیتیوں میں کانگریس 9 چیئرپرسن ،این سی پی 3 اور شیوسینا کو ایک پر کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس کے علاوہ کانگریس کو 8 ڈپٹی چیرپرسن ، این سی پی کو 3 اور شیوسینا کو تین ڈپٹی چیئرپرسن کے عہدے ملے۔
0 Comments