Latest News

پانچ ریاستوں میں ۴۰؍مقامات پر این آئی اے کی کارروائی، جیل میں بند دانش، گینگسٹر نریش سیٹھی، راجو بسودی اور اکشے پلڑا کے گھر چھاپہ، اسلحہ برآمد۔

پانچ ریاستوں میں ۴۰؍مقامات پر این آئی اے کی کارروائی، جیل میں بند دانش، گینگسٹر نریش سیٹھی، راجو بسودی اور اکشے پلڑا کے گھر چھاپہ، اسلحہ برآمد۔
نئی دہلی: ملک کی پانچ ریاستوں میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو چھاپہ ماری کی، یہ چھاپہ ماری دہلی، پٹنہ، ہریانہ، راجستھان ، چنڈی گڑھ اور پنجاب کے ۴۰ مقامات پر کی گئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق ملک او ربیرون ممالک میں موجود دہشت گردوں، گینگسٹر اور ڈرگ اسمگلر کے ابھرتے نقشے کو ختم کرنے کےلیے چھاپہ ماری کی گئی ہے۔ پٹنہ کے پھلواری شریف میں غزوہ ہند سے منسلک مرغوب احمد عرف دانش کے گھر این آئی اے نے ریڈ ماری، اس کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں پولس موجود تھی، دانش کو پہلے ہی گرفتار کیاجاچکا ہے اس کے بارے میں یہ دعویٰ ہے کہ وہ غزوہ ہند وہاٹس ایپ گروپ کا ایڈمن ہے۔ ہریانہ کے جھجھر میں گینسٹر نریش سیٹھی کے ٹھکانے پر این آئی اے نے چھاپہ ماری کی، منگل کی صبح چار بجے ایجنسی پولس کے ساتھ نریش سیٹھی کے گھر پہنچی ، سیٹھی کی غیر قانونی جائیداد او ربینک ڈیٹیل کو کھنگالا، اس کے گھر والوں سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی، گینگسٹر سیٹھی قتل، تاوان سمیت دیگر کئی سنگین معاملوں میں ملوث رہا ہے وہ ابھی تہاڑ جیل میں بند ہے۔ ہریانہ کے سونی پت اور جھجھجر میں منگل کی صبح گیگسٹر راجو بسودی اور پلڑا میں اکشے پلڑا کے گھر پہنچی، گینگسٹر کے دہشت گردوں کے ساتھ کنکشن کے معاملے میں چھاپہ ماری کی گئی، پنجاب کے بٹھنڈا گائوں جگا جنڈیا کے گھر میں این آئی اے نے چھاپہ ماری کی، میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب میں لارینس بشنوئی ، نیرج بوانہ سمیت کئی گینگ سے منسلک لوگوں کے گھر کارروائی کی گئی۔ دہلی پولیس نے ماضی میں یو اے پی اے کے تحت دو معاملے درج کیے تھے، ان ہی معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے این آئی اے نے کارروائی کی ہے۔ دراصل تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیرون ملک بیٹھے گینگسٹرز اور ہندوستان کی مختلف جیلوں میں بند گینگسٹرز الگ الگ سطح کا اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور مسلسل جرائم کو انجام دے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان گینگسٹرز کے دہشت گرد تنظیموں سے بھی تعلقات ہیں۔ یہ گینگسٹر سائبر اسپیس کا استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا رہے تھے اور واقعات کی تشہیر کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ بیرون ملک فرار ہونے والے گینگسٹرز پاکستان، کینیڈا، ملائیشیا، آسٹریلیا جیسے ممالک سے بھی گروہ چلا رہے ہیں۔یہ گروہ منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لیے فنڈز بھی اکٹھا کر رہے تھے۔ ان کے پورے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے آج این آئی نے پنجاب کے فاضل کا، فرید کوٹ، مکتسر صاحب، موگا، ترن تارن، امرتسر، لدھیانہ، چنڈی گڑھ، موہالی اضلاع، ہریانہ کے گروگرام، یمنا نگر، سونی پت اور جھجر، راجستھان کے ہنومان گڑھ اور گنگا نگر اضلاع اور دہلی/این سی آر کے دوارکا، بیرونی شمال، شمال مشرق، شمال مغرب اور شاہدرہ سمیت ۵۰مقامات پر چھاپے مارے۔رپورٹ کے مطابق این آئی اے نے تلاشی کے دوران۶ پستول، ایک ریوالور، ایک شاٹ گن اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایجنسی نے منشیات، نقدی، مجرمانہ دستاویزات، الیکٹرانک آلات، بے نامی جائیداد کے کاغذات، دھمکی آمیز خطوط بھی ضبط کیے ہیں۔ الزام ہے کہ جموں و کشمیر میں دہشت پھیلانے کے لیے دہشت گردوں تک بیرون ملک سے پیسہ پہنچایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی نظریں اس نیٹ ورک پر مرکوز ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر