بھارت جوڑو یاترا کا تیلگو ریاست میں اختتام، راہل گاندھی نے آندھراپردیش کا شکریہ ادا کیا۔
حیدرآباد: آندھراپردیش میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا اختتام عمل میں آیا۔ سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئٹر پر سرگرم راہل گاندھی نے اس یاترا پر بہتر عوامی ردعمل پر تلگو ریاست کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کا عوام کے ساتھ محبت کا رشتہ مزید گہرا اورمضبوط ہوگیا ہے۔
کانگریس پارٹی اپنی سخت محنت کے ذریعہ اس محبت کا جواب دے گی۔ ہم آندھراپردیش کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پوراکریں گے۔راہل گاندھی نے ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی ٹوئٹ کیا جس کو اب تک کئی افراد نے دیکھا اور پسند کیا ہے۔ اس ویڈیو میں راہل گاندھی کی پریس کانفرنس کا بھی ایک منظر دکھایا گیا ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ اس یاترا کو عوام، زمین اور خود کو سمجھنے کے لئے تپسیا کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ جب متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔ اس وقت اے پی کے عوام سے بعض وعدے کئے گئے تھے۔ یہ بنیادی وعدے تھے جو مرکزی حکومت نے کئے تھے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان وعدوں کو پورا کیا جانا چاہئے۔ کانگریس کو اے پی میں اونچا اٹھانے کے لئے یہ ایک بہتر شروعات ہے۔ انہوں نے ان کے ساتھ چلنے، ان پر محبت نچھاور کرنے اور ان کی مدد پر اظہار تشکر بھی کیا ہے اور کہا "شکریہ آندھراپردیش"۔
0 Comments