Latest News

جبراً اسلام قبول کرانے کے الزام میں پانچ گرفتار۔

جبراً اسلام قبول کرانے کے الزام میں پانچ گرفتار۔
بنگلورو: کرناٹک پولیس نے ایک ہندو شخص کو زبردستی اسلام قبول کروانے کے اِلزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شدگان کی بنگلورو کے سابق کارپوریٹر انصار پاشاہ، نیاز پاشاہ، حاجی صاحب، عطاالرحمن اور شعیب کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے۔
پولیس نے 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ جمعرات کے روز دیگر 3 کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ نیاز پاشاہ کو ٹاملناڈو سے پکڑا گیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مانڈیا سے تعلق رکھنے والا شخص سریدھر ابتدائی طور پر اسلام قبول کرنے سے دلچسپی رکھتا تھا۔ ملزمین نے سریدھر کی ختنہ بھی کرائی تھی۔اس کے بعد سریدھر نے کہا کہ وہ مزید آگے بڑھنا نہیں چاہتا لیکن ملزمین نے اس پر تبدیلی مذہب کیلئے دباؤ ڈالا۔ قبل ازیں ہبالی شہر کے ناو نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ بعدازاں اس شکایت کو بنگلورو کے بناشنکری پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق سریدھر کے والدین فوت ہوچکے ہیں اور آبائی جائیداد اس کے باپ کے بڑے بھائی کے نام پر ہے۔ اس معاملہ میں جب اس نے کیس دائر کیا تو خاندان اس کا دشمن ہوگیا۔ مالی بحران کی وجہ سے اس نے ایک سائبر سنٹر میں ملازمت اختیار کرلی تھی۔سریدھر نے اس کے واقف کار ایک مسلمان شخص کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا، وہ سریدھر کو ایک مذہبی رہنما کے پاس لے گیا، وہاں ملزم نے اس کی مدد کرنے کا وعدہ کیا اور 50 ہزار روپے اس کے کھاتہ میں منتقل کئے۔ ملزمین نے سریدھر سے کہا کہ وہ ان کی ہدایات پر عمل کرے اور اسلام قبول کرلے۔جب سریدھر نے مزاحمت کی تو ملزمین نے اسے ریوالور کے ساتھ دھمکایا اور ہتھیار پکڑنے پر مجبور کیا۔ اس حالت میں انہوں نے اس کی تصویر کشی کرلی۔ ملزمین نے اسے دھمکی دی کہ وہ اس تصویر کو وائرل کردیں گے اور اسے دہشت گرد قرار دیں گے۔سریدھر نے اپنی شکایت میں کہا کہ ملزمین نے زبردستی اسے بیف کھلایا اور مختلف مقامات پر قرآن کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے بھیجا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمین کی جانب سے تبدیلی مذہب مافیا چلانے کے پہلو پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر