”میرے قلم کو کبھی خاموش نہیں کیا جاسکتا“، ای ڈی کی چارج شیٹ کے بعد امریکہ سے رعنا ایوب کا ٹوئیٹ۔
ممبئی: وزیراعظم نریندرمودی کی زیر قیادت حکومت کی کٹر ناقد رعناایوب کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ایک چارج شیٹ داخل کی ہے۔ جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رعناایوب نے خیراتی و فلاحی مقاصد کیلئے زائداز ڈھائی کروڑ روپے اکھٹا کئے تھے۔رعناایوب نے جو فی الحال ایک صحافتی تقریب کے سلسلہ میں امریکہ میں ہیں، ٹویٹ کیا کہ ”میرے قلم کو کبھی خاموش نہیں کیا جاسکتا“۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کل ہی یہاں امریکہ میں ایک سمینار منعقد کیا تھا جس کا عنوان ”ہندوستان میں آزادی صحافت پر حملہ“ تھا۔میں اپنے ملک میں غریبوں اور کمزوروں کو اذیت رسانی کے خلاف آواز اٹھاتی رہوں گی۔ میرا بس اتنا ہی بیان ہے۔ جاریہ سال فروری میں جب رعناایوب کے اثاثوں کو قرق کیا گیا تھا تو ای ڈی نے کہا تھا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ رعناایوب نے 74.50 لاکھ روپے پی ایم کیئرس فنڈ اور چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں جمع کرائے ہیں۔رعنا ایوب نے جو حکمراں بی جے پی کی کٹر حریف ہیں اپنے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کو داغدار کرنے کی مہم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ رعنا ایوب نے کہا تھا کہ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ مجھے اپنے دو نامزد بینک کھاتوں میں کوئی بیرونی عطیات وصول نہیں ہوئے ہیں۔ تمام عطیات پہلے ketto کے بینک کھاتہ میں وصول ہوئے تھے۔میں نے ketto کو ہدایت دی تھی کہ بیرونی کرنسی میں وصول ہونے والی کسی بھی رقم کو عطیہ دہندہ کو لوٹا دیا جائے۔ تمام ریلیف ورک صرف اندرون ملک عطیات سے ہی انجام دیا گیا۔
0 Comments