Latest News

ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں وہاٹس ایپ ڈائون، کروڑوں روپے کا نقصان، دو گھنٹے بعد سروس بحال۔

ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں وہاٹس ایپ ڈائون، کروڑوں روپے کا نقصان، دو گھنٹے بعد سروس بحال۔
ممبئی: منگل کو ساڑھے بارہ بجے دنیا کے کئی ممالک میں وہاٹس ایپ سروس ڈائون ہوگیا۔ ہندوستان میں ممبئی، دہلی، اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں یوزرس نے میٹا اونڈ میسنجر سروس میں خلل کی شکایت کی تھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق ویب سائٹ ٹریکر ڈائون ڈٹیکٹر کے مطابق تین ہزار سے زائد لوگوں نے اس کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی، وہاٹس ایپ کے کام نہ کرنے کی خبر ٹوئٹر پر بھی دنیا بھر میں ٹرینڈ کرتارہا۔اس دوران نہ پیغامات بھیجے جا رہے تھے اور نہ ہی وصول کئے جا رہے تھے۔ 
گروپ میسیج بھی وصول نہیں ہو پا رہے تھے اور پیمنٹ سروس نے بھی کام کرنا بند کر دیاتھا جس کا سلسلہ تقریباً دو گھنٹے جاری رہا۔دو بج کر ۱۵؍ منٹ پر اس کی سروس بحال ہوئی جب جاکر یوزرس وصارفین کو سکون ملا۔قبل ازیں سروس بند رہنے کے ایک گھنٹے بعد وہاٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ کے ترجمان نے کہاتھا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ صارفین کو میسیج بھیجنے میں پریشانی ہورہی ہے، ہم وہاٹس ایپ سروس کو جلد سے جلد درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، حالانکہ کمپنی نے اس پریشانی کی وجہ نہیں بتائی تھی۔ سروس ڈائون ہونے کے بعد سے ہی ٹوئٹر، فیس بک اور ٹیلی گرام پر میمس کی باڑھ آگئی ہے لوگ اپنے اپنے طریقے سے وہاٹس ا یپ کا مذاق اڑا رہے تھے۔ ہندوستان میں وہاٹس ایپ پر طنزومزاح کےلیے معروف گروپ ’منکووووووول ‘کے اراکین نے لکھا تھا کہ ’’بار بار وہاٹس ایپ کا ڈائون ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ اس سے ٹیلی گرام ہی افضل ہے‘‘۔۔۔!وہیں کئی یوزرس نے معروف مائم اداکار مسٹر بیم کے انتظار کی تصویر، اکشے کمار، سنیل شیٹی، جانی لیور کی بھاگتی ہوئی تصویر کے ساتھ ساتھ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کی لائن درستگی والی تصاویر شیئر کرکے طنز کررہے تھے ۔ واضح رہے کہ سال گزشتہ ۴؍ اکتوبر کو وہاٹس ایپ سروس تقریباً چھ گھنٹے کےلیے پوری دنیا میں ٹھپ تھا، وہاٹس ایپ کے ساتھ ساتھ اس دوران فیس بک، انسٹا گرام میں بھی خلل واقع ہوا تھا۔خیال رہے کہ دس سال قبل متعارف کرائی گئی موبائل ایپ واٹس ایپ ۱۸۰ممالک میں مقبول ہے اور اس پر ہر روز تقریباً۱۰۰؍ارب پیغامات بھیجے اور وصول کئے جاتے ہیں۔ اس حساب سے دو گھنٹے کے دوران واٹس ایپ پر ۸؍ بلین پیغامات بھیجے یا وصول کئے جاتے ہیں۔اینی ڈیٹا نامی ایپ کے مطابق ہر صارف کم از کم ۳۸منٹ ہر روز واٹس ایپ پر کام کرتا ہے۔ ہندوستان میں دنیا میں سب سے زیادہ ۳۹کروڑ صارف ہیں۔ جیسے ہی واٹس ایپ سروز ڈاؤن ہوئی ویسے ہی ٹوئٹر سے لے کر دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لوگوں نے اپنی پریشانی بیان کرنی شروع کر دی۔ اس کے بعد 'واٹس ایپ ڈاؤن جیسے ہیش ٹیگ ٹرینڈ ہونے لگے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق جب بھی واٹس ایپ، انسٹاگرام یا فیس بک کی سروس ڈاؤن ہوتی ہے تو ٹوئٹر کا استعمال عام دنوں کے مقابلہ بہت زیادہ کیا جانے لگتا ہے۔اس کے علاوہ اشتہارات پر کام کرنے والی فرم 'اسٹینڈرڈ میڈیا انڈیکس نے کہا کہ واٹس ایپ کے ڈاؤن ہونے کے سبب کمپنی کو ہر گھنٹے تقریباً 5.45 ملین ڈالر کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم، اشتہارات سے ہونے والی آمدنی زیادہ دنوں تک متاثر نہیں رہے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر