Latest News

اجتماعی عصمت دری کے مجرموں کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ پہنچی بلقیس بانو، فیصلہ پر از سر نو غور کرنے کا مطالبہ۔

نئی دہلی: بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری معاملہ میں قصوروار 11 افراد کو جیل سے رِہا کیے جانے کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ 
دراصل بلقیس بانو نے اس معاملے میں سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے اور سوال کیا ہے کہ آخر جیل میں سزا کاٹ رہے ان مجرموں کو آزادی کیوں دی گئی؟ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران اجتماعی عصمت دری اور 7 افراد کے قتل معاملہ میں سزا کاٹ رہے ان سبھی 11 ملزمین کی رِہائی کے خلاف بلقیس بانو کی عرضی پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ فیصلہ لیں گے۔ وہ اس کیس کی اہلیت پر غور و خوض کے بعد کوئی قدم اٹھائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلقیس بانو نے سپریم کورٹ میں از سر نو غور کرنے کی عرضی داخل کی ہے۔ انھوں نے 13 مئی کو آئے عدالتی حکم پر دوبارہ غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسی حکم کی بنیاد پر بلقیس کے گنہگاروں کو رِہا کیا گیا تھا۔ بلقیس کی عرضی کو آج چیف جسٹس کے سامنے رکھا گیا۔ انھوں نے اس پر غور کر مناسب بنچ کے سامنے لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دراصل 15 اگست کو جسونت نائی، گووند نائی، شیلیش بھٹ، رادھے شیام شاہ، وپن چندر جوشی، کیشربھائی ووہانیا، پردیپ موڈھڈیا، باکابھائی ووہانیا، راجوبھائی سونی، متیش بھٹ اور رمیش چاندنا کو گودھرا سَب جیل سے رِہا کیا گیا تھا۔ 2008 میں ممبئی کی سی بی آئی عدالت نے بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری معاملہ اور ان کے کنبہ کے 7 اراکین کے بہیمانہ قتل معاملے میں مذکورہ سبھی 11 قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بامبے ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے پر اپنا اتفاق ظاہر کیا تھا۔
اس معاملے کے سبھی قصورواروں نے 15 سال کی سزا پوری کر لی تھی۔ اس کے بعد ان میں سے ایک نے معافی کی اپیل کرتے ہوئے راحت کا مطالبہ کیا تھا۔ قیدیوں کی سزا میں چھوٹ کے مطالبہ پر غور کرنے کے لیے بنی کمیٹی نے اتفاق رائے سے سبھی 11 ملزمین کو رِہا کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس رِہائی کے فیصلے کی سیاسی و سماجی لیڈران کے ذریعہ خوب تنقید ہوئی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر