نئی دہلی: یوپی، بہار سے تلنگانہ تک چھ ریاستوں سمیت ۷؍ اسمبلی سیٹوں پر آج ضمنی الیکشن ہوا۔ یہ ضمنی الیکشن بی جے پی کےلیے بڑا امتحان تصور کیاجارہا ہے،بہار میںبی جے پی کی سیدھی ٹکر نتیش تیجسوی کے مہاگٹھ بندھن سے ہے تو تلنگانہ میں کے سی آر کی ٹی آر ایس سے اپنی سیٹ بچانا بی جے پی کےلیے چیلنج ثابت ہوگا۔ دوسری ریاستوں میں بھی علاقائی پارٹیاں بی جے پی کی راہیں مشکل کرسکتی ہیں۔
آج بہار کی دو سیٹوں مکامہ اور گوپال گنج، اترپردیش کے گولا کورک ناتھ، ہریانہ کے آدم پور، تلنگانہ کے مونوگوڈے، اڈیشہ کے دھام نگر، اور مہاراشٹر کے اندھیری ایسٹ میں ضمنی الیکشن ہوئے۔ بہار کی دو سیٹوں کے لیے جمعرات کی شام چھ بجے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ مکامہ اور گوپال گنج کےلیے عوام نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یہاں شام چھ بجے تک ۵۲ اعشاریہ ۳۸ فیصد ووٹ ڈالے گئے اور ۱۵ امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہوگئی۔ اترپردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع کے گورکناتھ سیٹ پر جمعرات کو ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، اس اسمبلی سیٹ کے لیے ضمنی چنائو مکمل ہونے کے بعد انٹر کالج کے ووٹنگ سینٹر سے ای وی ایم سیل کرلیے گئے ہیں۔ ہریانہ کے آدم پور میں شام پانچ بجے تک ۷۰ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ مہاراشٹر اور اڈیشہ میں بھی چھ بجے تک ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا اور امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں بند ہوگئی۔ ضمنی الیکشن کے نتائج ۶؍ نومبر کو ظاہر کیے جائیں گے۔
0 Comments