Latest News

کھتولی میں ایک اسٹیج پر آئے جینت چودھری اورچندر شیکھر آزاد، بولے کھتولی سے دہلی کے حالات بدلیں گے، ضمنی الیکشن میں متحدہ امیدوار کو جتانے کی اپیل۔

مظفر نگر: سمیر چودھری۔
مظفر نگر کی کھتولی ضمنی الیکشن میں لوکدل کے راشٹریہ صدر جینت چودھری اور آزاد سماجی پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد ایک اسٹیج پر آئے اور لوگوں سے بی جے پی کوشکست دینے اور لوکدل کے متحدہ امیدواروںکو جتانے کی اپیل کی۔ 
راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر جینت چودھری نے کہا کہ مظفرنگر سے آنجہانی چودھری اجیت سنگھ ہارکر نہیں گئے تھے بلکہ بھائی چارہ بناکر کامیاب ہوکر ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسان مزدور اوربنکر بھگوان کا روپ ہوتے ہیں ، ہمارا اتحاد اُبھرتے بھارت کی تصویر ہے ۔ کھتولی سے دہلی تک حالات بدلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بزرگوں نے قربانیاں دے کر اس ملک کو آزاد کرایا ۔ بی جے پی نے لبھانے والے وعدے کرکے ووٹ حاصل کئے لیکن عوام کو کچھ نہیں دیا۔ جینت چودھری نے یوم آئین پر ڈاکٹر ہری اوم پنوار کی کویتا سنائی اور کہا کہ بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر نے آئین سب کے لئے تیار کیا اوراسی سے سبھی کو برابر کے حقوق ملتے ہیں۔ جینت چودھری نے کہا کہ فساد کی بات اٹھانے والوں کی نیت صاف نہیںہے،ایسے لوگ ایک مرتبہ پھر سے عوام کو اصلی مسائل بے روزگاری ، بھکمری، غریبی، کسانوں کے فصلوں کوواجبی قیمت ، بجلی وغیرہ کے مسائل سے توجہ ہٹانا چاہ رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں کے ساتھ مذاق کررہی ہے ان کو ان کی واجبی قیمت تک نہیں دی جارہی ہے۔ 
آزاد سماج پارٹی کے قومی صدرچندرشیکھر آزادنے اپنے خطاب میں کہا کہ کھتولی اسمبلی سیٹ پر اتحاد کی کامیابی دہلی کے بارڈر پر شہید ہوئے کسانوںکے لئے خراج عقیدت ہوگی ۔ انہوں نے کہا ک بابابھیم رائو امبیڈکر کی جانب سے بنایا گیا آئین ملک کے آخری شخص کو بھی برابری کا حق دیتا ہے ۔ چندر شیکھر آزاد نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے افراد سازشیں کریںگے ، غنڈہ گردی کریںگے لیکن ہمیں بھائی چارے کو قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2دسمبر کو ہر ہر گائوں میں آئوںگا اوربی جے پی کو اپنے بوتھ کی طاقت کا احساس کرائوںگا۔ ریاست کے سابق وزیر شاہد منظور نے کہا کہ بی جے پی نے علاقہ میں جو نفرت پیدا کی اسے چودھری اجیت سنگھ نے ختم کرنے کا کام کیا۔ سماج وادی پارٹی لیڈر اور کیرانہ اسمبلی رکن ناہید حسن کی بہن اقراء حسن نے اپنے والد منور حسن کا نام لے کر کہا کہ عوام نے ان کے والد کو ووٹ دے کر کامیاب کیا تھا ۔ بی جے پی ایسے حالات پیدا کررہی ہے کہ کوئی آواز نہیں اٹھا تا اور جو آواز اٹھاتا ہے اس پر مقدمات قائم کردیئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر سابق ممبرپارلیمنٹ ہریندر ملک ، سابق ممبر پارلیمنٹ راج پال سینی، اسمبلی رکن اتل پردھان، راج پال بالیان، اسمبلی رکن انل کمار، اسمبلی رکن چندن چوہان، آزاد سماج پارٹی کے ضلع صدر جگدیش پال، شیام لال، اسمبلی رکن پنکج ملک، اسمبلی رکن اجے کمار، اسمبلی رکن اشرف علی، سابق اسمبلی رکن رائو عبدالوارث، وسیم رضا، راکیش شرما وغیرہ موجود رہے۔ جلسہ کی صدارت رام نواس ماسٹر نے کی اور نظامت پرمود تیاگی اور سندیپ ملک نے مشترکہ طورپر انجام دی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر