Latest News

اویسی کے دوران سفر وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ، ایم آئی ایم کا الزام، گجرات پولس نے تردید کی ، معاملے کی جانچ کا حکم۔

 احمد آباد: گجرات میں وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔ کچھ نامعلوم افراد نے ٹرین کی کھڑکیوں پر پتھر پھینکے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی ٹرین میں سوار تھے۔ پارٹی لیڈر وارث پٹھان نے دعویٰ کیا کہ اویسی ملزموں کا نشانہ تھے۔ پٹھان نے دعویٰ کیا کہ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ، پارٹی کے گجرات ریاستی صدر صابر کابلی والا اور پارٹی کے دیگر لیڈران کے ساتھ احمد آباد سے سورت کے لیے 'وندے بھارت ایکسپریس میں سفر کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔کھڑکی کے ٹوٹے شیشے کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے اے آئی ایم آئی ایم لیڈر وارث پٹھان نے ٹویٹ کیا کہ گزشتہ روز جب اسد الدین اویسی، صابر کابلی والا اور ہماری ٹیم احمد آباد سے سورت جانے والی 'وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں سفر کر رہی تھی تو کچھ نامعلوم لوگوں نے پتھراؤ کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اویسی پر یہ پتھر جان بوجھ کر مارے گئے ہیں۔ واقعہ کے بعد گجرات میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پٹھان نے دعویٰ کیا کہ جس کوچ میں اسد الدین اویسی بیٹھے تھے، اس پر دو بار پتھراؤ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آج احمد آباد سے سورت تک وندے بھارت ایکسپریس میں سفر کیا۔ جب ہم منزل سے 20 سے 25 کلومیٹر دور تھے تو پتھراؤ ہوا جس سے کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اویسی کوچ میں بیٹھے تھے۔ پٹھان نے کہا کہ آپ ہمارے حقوق کے لیے ہماری آواز کو پتھراؤ سے نہیں دبا سکتے ۔دریں اثناء گجرات ریلوے پولیس نے اے آئی ایم آئی ایم کے دعوے کی تردید کی ہے کہ سورت جانے والی وندے بھارت ٹرین پر پتھراؤ کیا گیا تھا، جس میں اسد الدین اویسی سفر کر رہے تھے۔پارٹی کی جانب سے عوامی سطح پر یہ الزام لگانے کے فوراً بعد، گجرات ریلوے پولیس نے تحقیقات کا حکم دیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈی ایچ گوڑ نے میڈیا کو بتایا کہ انکلیشور اور سورت کے درمیان ٹریک پر ریلوے کا کام چل رہا ہے۔ جب وندے بھارت جنوب کی طرف بڑھ رہی تھی، اسی وقت پکشم ایکسپریس شمال کی طرف بڑھ رہی تھی، اسی دوران کمپن کی وجہ سے ایک پتھر کوچ کی کھڑکی سے ٹکرا گیا۔افسر نے بتایا کہ آس پاس کوئی رہائشی مکان بھی نہیں ہے۔ اس لیے کسی غنڈہ گردی کا کوئی شبہ نہیں ہے۔ تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ نہ تو کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی انتقام کی نیت سے کوئی سازش کی گئی۔ محکمہ ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ سیٹ نمبر E1-25 کے ساتھ والی کھڑکی پر پتھر لگا تھا، جب کہ اویسی E1-21 پر بیٹھے تھے۔غور طلب ہے کہ اویسی آئندہ انتخابات کے پیش نظر گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔ ریاست میں یکم اور 5 دسمبر کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر