Latest News

نواب ملک کو عدالت سے ایک اور جھٹکہ، واشم پولس کو سمیر وانکھیڈے کے خلاف مبینہ ریمارک کی تحقیقات کی ہدایت۔

ممبئی: مہاراشٹرا کی ایک سیشن عدالت نے واشم پولیس کو این سی پی کے لیڈر نواب ملک کی جانب سے این سی بی کے ممبئی یونٹ کے سابق علاقائی ڈائرکٹر سمیر وانکھیڈے کے خلاف کیے گئے مبینہ ریمارک کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔واشم ضلع کی سیشن عدالت نے آئی آر ایس کے عہدیدار سمیر وانکھیڈے کے چچازاد بھائی سنجے وانکھیڈے کی شکایت پر منگل کو یہ حکم جاری کیا۔ سنجے وانکھیڈے نے اپنی شکایت میں سمیر وانکھیڈے اور ان کے پورے خاندان کی ذات اور ذات کے صداقت نامہ کے بارے میں اہانت آمیز اور جھوٹا ریمارک کرنے کے لیے مہاراشٹرا کے سابق وزیر ملک کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے ملک کے خلاف درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (انسداد مظالم) قانون کے تحت تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج ایچ ایم دیشپانڈے نے واشم پولیس کو کیس کی تحقیقات کرنے اور ایک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔عدالت نے اپنے احکام میں کہا کہ نومبر2021 میں شکایت بھیجے جانے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ احکام میں کہا گیا ہے کہ ”شکایت میں عائد کردہ الزامات کو دیکھتے ہوئے موجودہ معاملے میں شکایت کنندہ کی جانب سے کی گئی درخواست کے مطابق تحقیقات ضروری ہے۔“ سنجے وانکھیڈے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سب سے پہلے واشم پولیس کو مکتوب تحریر کرکے ملک کے خلاف کیس درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تو انہوں نے سیشن عدالت میں ایک نجی شکایت دائر کرکے ملک کے خلاف تحقیقات کامطالبہ کیا۔ عدالتی احکام میں کہا گیا ہے کہ شکایت میں عائد کردہ الزامات اور پیش کردہ دستاویزات، خاص طور پر ذات کے صداقتنامے کو ذہن میں رکھتے ہوئے یقینی طور پر ایک قابل دست اندازی جرم کا خلاصہ ہوتا ہے جس کی پولیس کی جانب سے تحقیقات ضروری ہے۔“ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملک کو اس سال فروری میں منی لانڈرنگ کے ایک مبینہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ وہ عدالتی حراست میں ہیں اور فی الحال ممبئی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ این سی پی لیڈر ملک نے گزشتہ سال الزام عائد کیا تھا کہ سمیر وانکھیڈے نے اپنا ذات کا صداقت نامہ حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات جمع کیے تھے۔ حالانکہ وانکھیڈے نے ملک کے الزامات کی تردید کی تھی۔ انہو ں نے کہا تھا کہ ملک ان پر جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں کیوں کہ این سی بی نے ان کے داماد کو ڈرگس کیس میں گرفتار کیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر