Latest News

بھوپال میں ۱۸؍ نومبر سے عالمی تبلیغی اجتماع، کورونا کے بعد ہونے والے اس اجتماع میں بیرون ممالک کی جماعتیں شریک نہیں ہوں گی۔

بھوپال:  ریاست مدھیہ پردیش میں ہونے والے 73 ویں عالمی تبلیغی اجتماع کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوگئی ہیں۔ کورونا وبا کے بعد ہونے والے اس اجتماع میں بیرونی ملک کی جماعتوں کی شرکت نہیں ہوگی اور نا ہی اس بار اجتماعی نکاح کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریبا 75 سال کی تاریخ میں پہلی بار نہ تو بیرونی ممالک کی جماعتوں کی شرکت ہوگی اور نہ ہی اس دوران ہونے والے اجتماعی نکاح کی رسم پوری ہو سکے گی۔ عام دنوں میں شامل ہونے والی جماعتوں کی تعداد بھی رواں برس کم ہی رہے گی۔ 18 نومبر سے شروع ہونے والے اس چار روزہ عالمی تبلیغی اجتماع میں عوام کو ہجوم ہر برس کے مقابل کم ہی رہے گا۔ غیر ملکی جماعتوں کی غیر حاضری کے سبب محض ملکی سطح کے لحاظ سے ہی تیاریاں کی جا رہی ہیں، لیکن یہ بھی خبر ہے کہ یہ مذہبی اجتماع محض ریاستی سطح تک ہی محدود ہوسکتا ہے۔اجتماع کمیٹی کے ذمہ داران کے مطابق اس چار روزہ اجتماع کے تیسرے دن ہونے والے اجتماعی نکاح کے پروگرام کو بھی منسوخ کردیا ہے۔ کلیکٹر اویناش لوانیہ اجتماع کے انعقاد کو لے کر کافی سنجیدہ ہیں۔ اس معاملے پر وہ تمام سرکاری محکموں سے کئی بار بات کر چکے ہیں۔ ساتھ ہی سرکاری محکموں سے ملنے والی سہولیات بھی مکمل ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹر اب تک دو مرتبہ اجتماع گاہ میں پہنچ کر تیاریوں کا بھی جائزہ لے چکے ہیں۔ مختصر وقت میں ہونے والی اہم تیاریوں کے لیے شہر کے نوجوان اور بزرگ اجتماع گاہ میں پہنچ کر تعاون کر رہے ہیں۔ رضا کاروں کی ایک بڑی تعداد اور وایلنٹیرز ہر اتوار اور چھٹی کے دن زمین کی سطح پر گھاس کاٹنے، نل فٹنگ اور پنڈال لگانے جیسے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اجتماع کے انتظام سے وابستہ لوگوں نے بتایا کہ کورونا وبا کے بعد دنیا بھر میں جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس نے ہر چیز کو متاثر کیا ہے۔ دو سال سے ملتوی تقریب کا آغاز لوگوں کی تعداد میں تخفیف کرکے کیا جاسکتا ہے، لیکن اس کے بعد آئندہ برس مذہبی اجتماع کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر