Latest News

دیوبند میں لگے غیر قانونی یونی پول کے آگے میونسپل بورڈ بے بس، عظیم مجاہد آزادی حضرت شیخ الہندؒ کے نام سے منسوب’ اردو گیٹ‘ کے سامنے لگادیا گیا غیر قانونی یونی پول۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند میں بائی پاس رو ڑ پر اترپردیش اردو اکیڈمی کی جانب سے عظیم مجاہدآزادی حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی یاد میں تعمیر کئے گئے اردو گیٹ کے ٹھیک سامنے تشہیری بینر وغیرہ لگائے جانے کے لئے بنائے گئے ایک یونی پول سے متعلق شہر کی سماجی و سرکردہ شخصیات نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پول لگائے جانے پر سخت اعتراض کیا ۔ وہیںدیوبند میونسپل بورڈ نے اس سلسلہ میں کوئی معلومات نہ ہونے کی بات کہی ہے ۔ میونسپل بورڈ کے الیکشن کی آہٹ کے ساتھ ہی شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی طریقہ سے ہورڈنگس اور یونی پول لگانے کو لیکر تجارتی لوگوں کی من مانی کے سامنے میونسپل بورڈ بھی بے بس نظر آرہا ہے ۔اس وقت پورے شہر میں خاص طور پر چوراہوں اور سڑکوں پر غیر قانوی طریقہ سے یونی پول بنائے جانے اور ہورڈنگس کی بھر مار ہے لیکن اس سلسلہ میں افسران کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔حیرت کی بات یہ ہے کہ اترپردیش کی حکومت کی جانب سے عظیم مجاہد جنگ آزادی حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی یاد میں بائی پاس روڑ پر اردو دروازے کے نام سے جو گیٹ بنایا گیا تھا اس کے ٹھیک سامنے اب غیر قانونی طریقہ سے ایک یونی پول لگادیا گیا ۔جس پر شہر کی سرکردہ شخصیات نے سخت اعتراض کرتے ہوئے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس یونی پول کو ہٹایا جائے ۔معروف قلمکار کمل دیوبندی، سینئر صحافی ممتاز احمد اور سماجی کارکن نجم عثمانی کا کہنا ہے کہ حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسنؒ عظیم مجاہد آزادی اور تاریخی شخصیت ہیں، جن کی قربانیوں کا پورا ملک معترف ہے، اسلئے حکومت کی جانب سے ان کی یاد میں تعمیر کرائے جانے والے گیٹ کے سامنے ناجائز طریقہ سے یونی پول لگائے جانے کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس یونی پول کو اردو دروازے کے قریب سے ہٹایا جائے ۔وہیں دوسری جانب میونسپل بورڈ کے ایگزیکیٹو آفیسر ڈاکٹر دھریندر رائے کا کہنا ہے کہ مذکورہ یونی پول میونسپل بورڈ کی جانب سے نہیں لگایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جانچ کی جائے گی اور یونی پول لگانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر