Latest News

ہماچل اسمبلی انتخابات کےلیے بی جے پی کا منشور جاری، یکساں سول کوڈ کا نفاذ ، مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے۱۲۰۰۰ کروڑ روپے کئے جائیں گے خرچ۔

 نئی دہلی: ہماچل پردیش انتخابات کے لیے بی جے پی کا منشور جاری کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے ایک ریزولیوشن لیٹر جاری کیا ہے۔ اس دوران مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، ریاستی وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر، پارٹی کے ریاستی صدر سریش کشیپ اور دیگر لیڈران موجود تھے۔بی جے پی نے ہماچل پردیش میں بڑا وعدہ یہ بھی کیا کہ حکومت بننے کے بعد بی جے پی یکساں سول کوڈ لائے گی۔ بی جے پی نے ہماچل پردیش کے انتخابات کے لیے 11 قراردادیں پیش کی ہیں، یعنی حکومت بننے کے بعد بی جے پی حکومت ان 11 ایشوز پر کام کرے گی۔ جے پی نڈا نے کہا کہ اگر ہماچل میں حکومت بنتی ہے تو ان داتا سمان نیدھی کے تحت کسانوں کو سالانہ تین ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ یہ رقم پی ایم کسان سمان نیدھی سے الگ ہوگی۔نیز بی جے پی نے اپنے قرارداد نامہ میں وعدہ کیا ہے کہ اگر ریاست میں دوسری بار بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو نوجوانوں کو آٹھ لاکھ سے زیادہ نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی تمام گاؤں کو پکی سڑکوں سے جوڑا جائے گا، جبکہ ریاست میں ’مذہبی سیاحت ‘کو فروغ دینے کے لیے 12000 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا۔بی جے پی کی حکومت بننے پر ریاست میں پانچ نئے میڈیکل کالج کھولے جائیں گے۔ اس کے ساتھ موبائل کلینکس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ نیز ریاستی حکومت ہیم اسٹارٹ اپ اسکیم لے کر آئے گی۔ نیز بی جے پی نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت بننے پر فوجیوں کے اہل خانہ کی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ وقف املاک کا سروے بھی کیا جائے گا اور اگر اس کا غیر قانونی استعمال ہو رہا ہے تو اس پر پابندی لگائی جائے گی۔جے پی نڈا نے طالبات کی تعلیم کا بھی اعلان کیا۔وعدے کے مطابق چھٹی سے بارہویں جماعت تک کی طالبات کے لئے اسکول جانے کے واسطے ایک سائیکل کا انتظام کیا جائے گا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر