Latest News

قرأت متواترہ کا جان بوجھ کر انکار کفر، کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست میں مفتیان کرام کے متعدد دینی مسائل پر اہم فیصلے۔

کانپور: دور جدید میں پیش آنے والے نئے اور پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے شہر کانپور کے جید علماء و مفتیان پر مشتمل مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمیؒ کی قائم کردہ کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست اکیڈمی کے دفتر جمعیۃ بلڈنگ رجبی روڈ میں منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں پہلا مسئلہ قرأتِ متواترہ مشہورہ یاشاذہ کے منکر کا حکم نیز نماز میں قرأت حفص کے بجائے متواترہ یا مشہورہ میں سے کوئی دیگر قرأت کرنے سے متعلق تھا،فقہاء کی عبارات وغیرہ پر غور خوض کرنے سے واضح ہوا کہ لاعلمی میں جو متواتر قرأتوں کو نہ مانے یا تاویلاً انکار کرے تو اس پر کفر کا حکم نہ لگے گا۔ البتہ قرأتِ متواترہ کو متواتر جانتے ہوئے کوئی انکار کرے تو صریح انکار پر کفر کا حکم لگے گا۔ نماز میں متواتر قرأتوں کی تلاوت بلا شبہ جائز ہے۔ البتہ جہاں اکثریت عوام کی ناواقف ہو اور متعدد قرأتوں کی تلاوت سے ان کے تشویش میں پڑنے کا اندیشہ ہو تو ایسی جگہ پر احتیاطاً ایک ہی معروف قرأت (حفص) پر اکتفاء کرنا لازم ہے۔ نیز غیر متواتریعنی سبعہ و عشرہ کے علاوہ قرأت کا نماز میں پڑھنا درست نہیں ہے۔
دوسرا مسئلہ: اگر کسی نے تحریری یا زبانی کہا کہ میرے مرنے کے بعد میری جائیداد وقف علی الاولاد ہے تو اس کا کیا حکم ہے؟ کیا یہ وصیت کہلائے گی، اگر وصیت ہوتو کیا،3/1سے نفاذ ہوگا یا وارث کیلئے وصیت کی وجہ سے یہ کالعدم ہوگی؟اس سلسلے میں طے پایا کہ یہ وقف علی الاولاد وصیت کے حکم میں ہے۔ لہٰذا ثلث حصہ جائیداد کا وقف علی الاولاد ہوگا۔ باقی جائیداد حسب شرع وارثین میں تقسیم ہوگی۔
تیسرا مسئلہ: شوہر نے بیوی سے کہا کہ میں نے اللہ کی قسم کھائی ہے نہ تو میں تمہیں لینے آؤں گا نہ گھر میں رکھوں گا نہ ہی کوئی خرچہ پانی دوں گا وہ کسی طرح بھی بیوی کو گھر میں رکھنے کے لیے تیار نہیں ہے، تو اس طرح کہنا ایلاء کے حکم میں ہے یا طلاق کنایہ ہے، بیوی کو اب رکھنے کی کیا صورت ہوگی؟اس پر مفتیان کرام نے اتفاق رائے سے طے کیا کہ یہ یمین ہے شوہر کو چاہئے کہ بیوی کو گھرلائے اور قسم ٹوٹنے کا کفارہ دے دے۔
چوتھا مسئلہ:اگر کسی شخص نے صرف ایک آیت ”ثمُ نظر“تین مرتبہ پڑھی تو یہ تکرار تین آیات کی تلاوت کے حکم میں ہوگا یا نہیں؟ اس پر طے پایا کہ واجب قرأت کی ادائیگی کیلئے کم از کم تین چھوٹی آیتوں کا پڑھنا ضروری ہے۔ کسی ایک چھوٹی آیت کا تکرار تین آیتوں کی قرأت نہیں مانی جاتی لہٰذا ”ثم نظر“ جیسی آیتوں کے تکرار سے نماز نہیں ہوگی۔
میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن پا ک سے ہوا۔ میٹنگ میں اگلی نشست 22/ دسمبر بروز جمعرات کوطے کی گئی۔
میٹنگ میں علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبد الرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے علاوہ مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی،مفتی محمد مفتاح قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مفتی محمد واصف قاسمی، مفتی محمد معاذ قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی بطور خاص موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر