نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے دو بچوں کے قانون کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی درخواستوں پر غور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھنا حکومت کا کام ہے۔
شرح پیدائش میں اضافے کے باوجود ہندوستان کی آبادی کے مستحکم ہونے کے بارے میں میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جس میں عدالت کو مداخلت کرنی چاہیے۔ جسٹس ایس کے کول اور جسٹس اے ایس اوکا کی بنچ نے زبانی طور پر کہا کہ آبادی ایک دن میں رک جانے والی چیز نہیں ہے۔ درخواست گزاروں میں سے ایک بی جے پی ایڈوکیٹ اشونی کمار اپادھیائے نے کہا کہ اس معاملے پر لاء کمیشن کی رپورٹ بہت اہم ہے۔
دہلی ہائی کورٹ نے عرضی کو خارج کر دیا۔
اپادھیائے نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا تھا جس نے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے دو بچوں کے معمول سمیت کچھ اقدامات کی مانگ کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔ جبکہ سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ اس عرضی پر غور کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ ان کی عرضی کے علاوہ، بنچ نے اس معاملے پر دائر کی گئی کچھ دیگر درخواستوں پر غور کرنے سے بھی انکار کر دیا، جس کے بعد وکلاء نے انہیں واپس لے لیا۔ اپادھیائے نے دلیل دی کہ ان کی درخواست کا مقصد لاء کمیشن کو اس معاملے پر ایک جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دینا ہے، بنچ نے پوچھا کہ کمیشن آبادی کے معاملہ پر رپورٹ کیسے تیار کرسکتا ہے؟۔
عدالت نے کہا کہ اس میں بہت سے سماجی اور خاندانی مسائل شامل ہیں، یہ حکومت کو کرنا ہے۔ کیا یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس میں ہمیں مداخلت کرنی چاہیے؟ ہمارے پاس کرنے کے لیے بہتر چیزیں ہیں۔ سماعت کے اختتام پر اپادھیائے نے کہا کہ ہندوستان کے پاس تقریباً دو فیصد زمین اور چار فیصد پانی ہے لیکن دنیا کی آبادی کا 20 فیصد ہے۔ سپریم کورٹ نے 10 جنوری 2020 کو ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضی پر مرکز اور دیگر سے جواب طلب کیا تھا۔
0 Comments