Latest News

ملک کے معروف صحافی اشرف استھانوی کا انتقال۔

پٹنہ: اردو کے معروف صحافی ، شاعر، ادیب، کئی کتابوں کے مصنف اور عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے صدر جناب اشرف استھانوی صاحب کا پٹنہ میں ان کی رہائش گاہ پر منگل کے روز انتقال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
ان کے انتقال پر دینی و علمی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اچانک انتقال کی خبر سے ہر کوئی مغموم ہے ۔ بتادیں کہ اشرف استھانوی کی پیدائش ۲۰ فروری ۱۹۶۷ میں ہوئی۔ 
انہو ں نے قومی آواز ، قومی تنظیم، ہفت روزہ بلٹز ، انقلاب جدید، ماہنامہ سیکولر بہار ، میں اپنی خدمات انجام دیں۔اس کے علاوہ روزنامہ انقلاب ، پندار، اردو ٹائمز، ممبئی اردو نیوز میں ان کے کالم برابر شائع ہوا کرتے تھے۔ مولانا ابوالکلام شمسی نے ان کے انتقال پر لکھا کہ ’’اشرف استھانوی مشہور صحافی اور دانشور تھے ، اپنی جرات و بے باکی کی وجہ سے معروف و مقبول تھے ، وہ علم دوست اور قدر شناس تھے ، جب بھی ان سے ملاقات ہوئی اخلاق و محبت سے ملے ، اس طرح وہ اخلاق و محبت کے پیکر تھے ، ان کی وفات اردو صحافت کے لئے بڑا خسارہ ہے ، نیز ان کی وفات سے اردو صحافت میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ھے ، اللہ تعالی ان کی مغفرت کرے ، لواحقین کو صبر اور اردو صحافت کو نعم البدل عطا فرمائے ‘‘۔ای ٹی وی بھارت کے صحافی عارف اقبال نے لکھا کہ ’’اردو صحافت کی دنیا میں مرحوم اشرف استھانوی صاحب ہمیشہ اپنے بےباک تجزیے، اور بہترین نقد کی وجہ سے جانے جاتے تھے، اور جانے جائیں گے‘‘ ۔ انہو ںنے لکھا کہ آپ کا جانا اردو صحافت کا سب سے بڑا نقصان ہے، اللہ آپ کی مغفرت فرمائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر