Latest News

دہلی میں ہونے والا جمعیۃ علماء ہند کا اجلاس قوم کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گا: مولانا عبد اللہ قاسمی، 18 تا 25 دسمبر نشہ مخالف مہم چلائے گی جمعیۃ، یکم جنوری کو منعقد ہوگا بین المذاہب سدبھاؤنا پروگرام۔

کانپور: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے اراکین عاملہ،منتظمہ و مدعوئین خصوصی کی ایک اہم میٹنگ دفتر شہری جمعیۃ علماء جمعیت بلڈنگ رجبی روڈ کانپور میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی صدارت میں منعقد ہوئی۔جس میں سدبھاؤنا پروگرام کے انعقاد،نشہ مخالف مہم چلانے،سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ کی تاریخوں کے تعین، فروری2023 میں ہونے والے جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس میں شہر سے لوگوں کو لے جانے پر غور و خوض سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ میں موجود اراکین سے خطاب فرماتے ہوئے جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر و شہری جنرل سکریٹری مولاناامین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ ملک و صوبہ کے جوحالات ہیں وہ اطمینان بخش نہیں ہیں، ایسے ماحول میں افراد کی قوت اور کام کے معاملے میں جمعیۃعلماء ہند ملک کی دیگر تمام تنظیموں سے بہت نمایاں ہے۔یہی وجہ ہے کہ تمام خامیوں اورکمیوں کے باوجود آج بھی ہر اہم مسئلہ کے موقع پر ملت اسلامیہ ہندیہ کی نظریں جمعیۃعلماء ہند اور اس کی قیادت کی طرف رہتی ہیں۔ اس کے اجلاس انتہائی اہم ہوتے ہیں، اور عالمی و ملکی سطح پر قوم کا لائحہ عمل بنانے میں یہ اجلاس انتہائی موثرکر کردار ادا کرتے ہیں۔اس کا اہم اجلاس عام 10،11،12فروری 2023کودہلی کے تاریخی رام لیلا گراؤنڈ میں منعقد ہو رہا ہے۔ جس کے پہلے اور دوسرے دن منتظمہ کے اجلاس منعقد ہوں گے اور آخری دن اجلاس عام منعقد ہوگا۔ اس اہم اجلاس میں شہری جمعیۃ کے تمام اراکین منتظمہ کے علاوہ شہر کے لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے زمینی سطح پر محنت کی ضرورت ہے۔
مولانا نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں مختلف المذاہب لوگوں کے درمیان قومی یکجہتی ہم آہنگی اور سدبھاؤنا ملک کی اہم ضرورت ہے، اسی ضرورت کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام سدبھاؤنا منچ کا قیام عمل میں آیا ہے، جس میں تمام مذاہب کے ملکی سطح کے مذہبی رہنما شامل ہیں، اسی طرح کی کوششیں ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہیں، اب تک 250سے زائد پروگرام منعقد ہو چکے ہیں۔ہمارے شہر میں بھی شہری سطح کے سدبھاؤنا منچ کا قیام عمل میں آناہے، ا س کیلئے جلدہی ایک سدبھاؤنا کا پروگرام منعقد کیا جانا ہے۔ جس پر اراکین کی مختلف آراء کے بعدیکم /جنوری 2023بروز اتوار بعد نماز مغرب شہر کے نمایاں مقام پر تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
حضورؐ کے سفر معراج کی یاد میں جمعیۃ علماء شہر کانپور کی جانب سے گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصہ سے سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ رجب کے مہینہ میں منعقد کئے جاتے ہیں۔سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اتفاق رائے سے طے ہوا کہ امسال یہ اجلاس مورخہ25،26،27/ رجب المرجب 1444ھ؁ مطابق 17،18،19/فروری2023ء؁ بروز جمعہ سنیچر اتوار شہر کے مشہور میدان رجبی گراؤنڈ میں پریڈ میں منعقد ہوں گے۔اجلاس کے دوسرے روز جلسہ قرائت القرآن اور آخری روز مشاعرہ نعت و مدح صحابہؓ منعقد کیا جائے گا۔ جس پر تمام اراکین نے اتفاق رائے کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح سے تعاون دینے کی بات کہی۔
مولانا عبد اللہ قاسمی نے بتلایا کہ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام ’نشہ مکت شہر، نشہ مکت سماج‘مہم گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے، اسی کو آگے بڑھاتے ہوئے امسال بھی پورے شہر میں یہ مہم چلائی جانی ہے، جس کے تحت نشہ سے ہونے والے نقصانات پر مشتمل پمفلیٹ اشتہارات وغیرہ شائع کئے جائیں گے، مسجد کے علاوہ گلی، کوچوں پہ چھوٹے چھوٹے پروگراموں کے ذریعہ اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم سے لوگوں میں بیداری پیدا کی جائے۔ نیز نشہ کی لت چھڑوانے والی دواؤں کو عام کیا جائے اس حوالہ سے طے پایا کہ 18/دسمبر تا 21/ دسمبر2023تک پٹکاپور، چمن گنج، بابوپوروہ، قلی بازار، شکلا گنج، بکرمنڈی، گموں خاں کا احاطہ، جاجمؤ کے مختلف حلقوں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نشہ مخالف ریلیاں نکال کر تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس میں عوام کو جمع کرکے انہیں نشہ سے ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا جائے گا، اس کے علاوہ مہم کے دوران ’نشہ مکتی کیمپ‘ لگانے کا بھی ارادہ ہے۔ ماہرین سے رابطہ کرکے اس پر بھی کام کیا جائے گا۔
شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں صاحب نے سابقہ کے اجلاس عام میں شرکت کے طریقہ سے تمام لوگوں کو واقف اور یاد دلاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اجلاس عام منعقدہو رہا ہے اس میں شامل ہونے کیلئے بہترشکل یہی نظرآتی ہے کہ تمام اراکین اجتماعی طورپر بذریعہ ٹرین دہلی چلیں، وقت رہتے کسی ٹرین میں ریزرویشن کرا لئے جائیں تاکہ آمد و رفت میں سہولیت کے ساتھ تمام ذمہ داران پہنچ جائیں اور بخیریت واپس آ جائیں۔ اس پر موجود تمام اراکین نے اتفاق رائے کااظہار کیا۔ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے شہری جمعیۃ کے آفس سکریٹری محمد سعدحاتم کو تمام اراکین منتظمہ اور مدعوئین خصوصی سے رابطہ کرکے ٹکٹ وغیرہ بنوانے کی ذمہ داری سونپی۔
اس سے قبل میٹنگ کا آغاز قاری انیس احمد صابری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ میٹنگ میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ نائب صدر مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا نور الدین احمدقاسمی، مولانا محمد شفیع مظاہری، شارق نواب،مفتی عبد الرشید قاسمی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا آفتاب عالم قاسمی، مولانا محمد عقیل جامعی، مولانا محمد سجاد قاسمی، مولانا محمد کلیم جامعی، مولانا محمد فرید الدین قاسمی،مولانا ابو الحسن قاسمی، حافظ محمد رضوان صدیقی، مولانا قناعت اللہ مظاہری، حافظ ریحان علی، قاری بدر الزماں قریشی، مولانا عبد الحنان جامعی، مولانا محمد ذاکر قاسمی، مولانا محمد سعد خاں ندوی، مولانا محمد عاقب، مولانا شرف عالم ثاقبی،حافظ ولی الدین، مولانا عرفان احمد قاسمی، حافظ عبد الرشید بکس والے، مولوی ناظم علی جامعی، مامون رشید، محمد انصار خاں، صادق امین، پرویز اللہ خاں، ذیشان عالم خاں، ریاض احمد، حافظ محمد ممتاز،عبد الرحمن کے علاوہ دیگر لوگ موجود تھے۔  

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر