Latest News

این ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دینے کے بعد بولے رویش کمار "ڈرا ہوا صحافی ایک مرا ہوا شہری پیدا کرتا ہے"، گودی میڈیا کی غلامی کے خلاف سب کو لڑنا ہے:

نئی دہلی: نامور صحافی رویش کمار نے این ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دیا تو سوشل میڈیا پر تبصروں کا سیلاب آگیا۔ اس دوران رویش کمار نے ٹویٹ کیا کہ ان کا نیا ٹھکانہ کہاں ہو گا۔ جس کے بعد صارفین نے انہیں مبارکباد دینا شروع کر دی۔ رویش کمار نے استعفیٰ دینے کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا، ’’محترم عوام میرے ہونے میں آپ سب شامل ہیں۔ آپ کا پیار ہی میری دولت ہے۔ انھوں نے مزید لکھا آپ سامعین کے ساتھ طویل عرصہ تک یکطرفہ رابطہ رہا یوٹیوب چینل پر۔ یہ میرا نیا پتہ ہے۔ گودی میڈیا کی غلامی کے خلاف سب کو لڑنا ہے۔ آپ کا رویش کمار۔” اس کے ساتھ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کا لنک بھی دیا ہے۔ بتادیں کہ رویش کمار نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کرکے بتایا ہے کہ انہوں نے این ڈی ٹی وی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔انہوں نے اپنے ۲۴؍ منٹ کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایک ڈرا ہوا صحافی مرا ہوا شہری پیدا کرتا ہے۔ اس لیے بولا کیجیے کہ ہمیں ڈر نہیں لگتا ہے۔ آپ اس دیش کے شہری ہیں جس نے ننگے پاؤں ہوکر برتش کے سامراج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ کوئی وجہ نہیں کہ میں آپ پر بھروسہ نہ کروں کہ آپ ایک دن اس گودی میڈیا کی غلامی سے باہر آئیں گے۔ آپ ضرور آئیں گے، آپ ہمیشہ اس غلامی میں نہیں رہ سکتے، اگر آپ نے نہیں لڑا تو آپ کی یہی پہچان ہوگی کہ آپ آزاد دیش کے گودی میڈیا کے غلام ہیں، اس غلامی سے نجات کے لیے آپ کو لڑنا ہی پڑے گا یہ سب کی لڑائی ہے اس لڑائی کے بنا آپ اس دنیا میں سر اٹھاکر نہیں جی سکتے ۔ آپ اس کی سنگینی کو سمجھیے ۔ قانون کی آڑ میں اب ایسے کام کیے جارہے ہیں جس سے غیر قانونی کو قانونی کام سمجھا جائے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت میرے راستے بند نہیں ہیں ‘ ٹوٹا ہے تو صرف حوصلہ ‘ وہ کبھی بڑھتا ہے تو آسمان میں اور گھٹتا ہے تو پاتال میں پہنچ جاتا ہے۔ اب آپ کو این ڈی ٹی وی پر میری آواز سنائی نہیں دے گی۔ اب آپ کو نمسکار میں رویش کمار این ڈی ٹی وی پر سننے کو نہیں ملے گا۔ اب میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ میں نے اپنا یوٹیوب اور فیس بک چینل بنالیا ہے ۔ اب آپ کو اسی پر نظر آؤں گا۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر