Latest News

جمعیۃ علماء کے ریاستی صدر کی نشہ مخالف ریلی میں شرکت, کہا "نشہ کیخلاف جنگ میں سبھی طبقات کو ساتھ آنا چاہئے۔

کانپو: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی و ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جارہی نشہ مکت سماج، نشہ مکت شہر مہم کے تحت قلی بازار سے کوپرگنج، لاری پارک پٹکاپور سے گاندھی مجسمہ پھول باغ تک اور گوالٹولی سے نشہ مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔
جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا عبدا لرب اعظمی نے جھنڈی دکھا کر ریلیوں کوروانہ کیا، آج کی ریلیوں میں خاص طور پر قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی اور بریلوی مکتبہ فکر کے قاضی شہر حافظ محمد ندیم بطور خاص شریک ہے۔
جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا عبد الرب اعظمی نے قلی بازار میں ریلی کو جھنڈی دکھانے کے ساتھ ہی کچھ دور تک ریلی میں چل کر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے عہدیداران و کارکنان کے ذریعہ کئے جانے والے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ مولانا نے اس موقع پر ریلی میں موجود جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشہ پوری انسانیت کیلئے نقصاندہ ہے، اس نقصان میں مذہب کی تفریق نہیں ہے کہ کسی مذہب خاص کے لوگوں کو نشہ سے زیادہ نقصان پہنچا ہو اور دیگر مذاہب کے لوگ اس سے بچے ہوئے ہوں، نشہ کی خرابیوں کی وجہ سے ہمارا ملک اورسماج تباہ ہو رہاہے، گھربرباد ہو رہے، لوگوں میں انتشار پیدا ہو رہاہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ نشہ کے خلاف چلائی جا رہی مہم میں جمعیۃ علماء کے کارکنان کا ساتھ دیں، ریلیوں میں شریک ہوں، لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بیدار کریں،نشے کی تباہکاریوں سے واقف کرائیں۔
پٹکاپور کی ریلی میں شریک رہے قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معموراحمد جامعی نے نشہ کے خلاف لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے کہا کہ نشہ ہمارے سماج کیلئے ناسور کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے، ہماری نوجوان نسل نشے کی عادی بن کر اپنی زندگیوں کو خراب کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ ہم اگر اپنی نسلوں کے دین وایمان کی حفاظت اور دنیا کی ترقی چاہتے ہیں تو اول مرحلے میں انہیں کسی بھی صورت سے نشے کا عادی بننے سے بچائیں۔
بریلوی مکتبہ فکر کے قاضی شہر حافظ محمد ندیم نے قلی بازار کی ریلی میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء شہر کانپور نے پورے شہر میں نشہ کے خلاف ریلیاں نکال کر عوام کو انتہائی اہم ضرورت کی جانب متوجہ کیا ہے۔ نشہ کی خرابیوں سے ہم سب واقف ہیں، جس گھر میں کوئی ایک بھی فرد نشہ کا عادی ہو تا ہے وہ اپنے تمام اہل خانہ کیلئے زحمت اور رسوائی کا سبب بنتا ہے۔
شہری نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے احباب آپ کے علاقہ اور محلہ میں آکر آپ کے سامنے نشہ کے خلاف بیان دے کر آپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ نشہ کرنے والے لوگ صرف اپنی ہی نہیں ہمارے پورے سماج کو نقصان پہنچا کر پریشانی میں ڈالتے ہیں۔ ہماری آپ کی ذمہ داری ہے کہ نشہ کرنے والوں سمجھائیں کہ وہ نشہ کرنے سے باز آجائیں، اپنی اور اپنے اہل خانہ کی فکر کرتے ہوئے محنت کی کمائی کو ضائع ہونے بچائیں۔
شہری نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے ذریعہ نکالی جانے والی یہ ریلی علاقہ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، ہماری قوم کا ایک ایک بچہ انشاء اللہ بیدار ہوگااور اپنے سماج، اپنے محلہ کو ہر قسم کی نشہ آور اشیاء سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
گوالٹولی سے نکالی گئی ریلی میں شریک رہے شہری نائب صدر مولانا محمد انیس خاں قاسمی نے کہا کہ نشہ کے نقصانات جگ ظاہر ہیں، جولوگ نشہ کرتے ہیں وہ ہر طرح سے نقصان میں ہی ہیں، وہ اپنی صحت تو برباد کرتے ہی ہیں ساتھ ہی وہ اپنے سے جڑے پورے خاندان کا مستقبل برباد کرنے میں بھی اپنا منفی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم لوگوں کو بیدار کریں، نشہ کی برائیاں بیان کریں، ذہنوں میں نشے کی نفرت اور صحت بخش غذاؤں سے محبت پیدا کریں۔
سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے کہا کہ نشہ اور منشیات کا استعمال زندگیوں کو برباد کرتا ہے، معاشرہ کو تباہ کرتا ہے۔ نشہ کی وجہ سے ہماری جسمانی اور معاشی دونوں ہی طرح سے حالت خراب ہوتی ہے۔ آج کی ریلیوں میں محمود عالم قریشی، قاضی شریعت مولانا محمد انعام اللہ قاسمی،حافظ محمد ریحان علی، مولانا محمد طاہر قاسمی، مولانا ابو الحسن عبد اللہ قاسمی، مولانا محمد عامر قاسمی، مولانا محمد سفیان قاسمی، حافظ محمد آصف، جاوید قریشی، انیس احمد، معید احمد، نواب احمد، محمد ندیم، محمد ریاض، شمشاد بھائی، شہاب الدین کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء و مقامی لوگ شریک ہوئے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر