Latest News

نشہ ایک انسان کو نہیں بلکہ خاندان، سماج، شہر اور ملک کو تباہ کر دیتا ہے: قاضی شہر، جمعیۃ علماء کے زیراہتمام کانپور کے مختلف علاقوں میں نکالی گئی نشہ کے خلاف ریلیاں۔

کانپور: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی سرپرستی و ریاستی مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی نگرانی میں چلائی جا رہی ’نشہ مکت شہر، نشہ مکت سماج‘ مہم کے تحت بکرمنڈی ڈھال و اخلاق نگر گنگا پارمیں نشہ کے خلاف ریلیاں نکال کرلوگوں کو بیدار کیا گیا۔ریلی میں قاضی شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی بطور خاص موجود رہے۔
ریلی کے اختتام پر قاضیئ شہر کانپور حافظ و قاری معمور احمد جامعی نے کہا کہ نشہ ایک انسان کو نہیں بلکہ خاندان، سماج، شہر اور ملک سب تباہ کردیتا ہے۔ شہری جمعیۃ علماء کی نشہ مخالف مہم بلاتفریق تمام طبقات کی یکساں ضرورت ہے، اس میں سبھی کو اپنی شرکت اور تعاون درج کرانا چاہئے۔
 جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے کہا کہ نشہ ایک ایسی برائی ہے جو پوری انسانیت کیلئے نقصاندہ ہے۔ وہ نوجوان جو مستقبل میں ملک و ملت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ غفلت، لاپروائی، بے اعتدالی اور کم علمی سے منشیات کا استعمال کرتے ہیں، جس سے ان کی صحت بھی خراب ہوتی ہے، اہل خانہ پریشان ہوتے ہیں اور ان کا خاندان بھی برباد ہوتا ہے۔ یہ ایسی برائی ہے جس سے انسان کے اندر خود غرضی پیدا ہوتی ہے، ایسے شخص کو نہ اپنی، نہ اپنے اہل خانہ اور بچوں کی اور نہ ہی ملک و شہر کی پرواہ ہوتی ہے، وہ صرف نشے میں دھت ہو کر پڑے رہتے ہیں۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے گھروں میں مارپیٹ اور خاندانوں کے ٹوٹنے تک کی نوبت آ جاتی ہے۔ ہماری تنظیم جمعیۃ علماء کے احباب آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ شراب اور اس کے جیسی بہت سی بری چیزوں سے خود بھی دور رہیں اور اپنے محلے کو، اپنے اہل خانہ اپنے شہر اور ملک کو بھی اس سے بچانے کی کوشش کریں۔ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کی فکر کریں۔
روزنامہ انوارِ قوم کے مدیر اور شہری جمعیۃ کے سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے کہا کہ جمعیۃ علماء نے ہمیشہ سماج سے برائیوں کو دور کرکے اس کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اپنی کوششیں کی ہیں، نشہ مخالف ریلی جمعیۃ کی ان تحسین آمیز اقدامات میں سے ایک ہے جو وہ سماج کی معماری کیلئے کرتی رہی ہے۔
مجلس منتظمہ کے رکن مولانا فریدالدین قاسمی نے کہا کہ نشہ کے سبب دیگر کئی سماجی برائیاں پیدا ہوتی ہیں، اس لئے کئی مقامات پر منشیات اور شراب کو برائیوں کی جڑ بھی کہا گیا ہے۔ ہم اپنا، اپنے گھر والوں اور متعلقین میں جائزہ لیں، اگر کوئی بھی منشیات کا استعمال کرتا ہے تو ہمارا دینی ایمانی فریضہ ہے کہ ہم اپنی استطاعت کے مطابق اس کو برائیوں سے روکنے کی کوشش کریں۔
ریلی میں شامل لوگوں کے ہاتھوں میں نشہ کے خلاف نعرے لکھی تختیوں کے ساتھ ترنگا اور جمعیۃ علماء کا پرچم تھا۔ اس موقع پر ریلی میں مولانا محمد شفیع مظاہری، مولانا نورالدین احمد قاسمی، ولانا قناعت اللہ مظاہری،مولانا محمد اسلام قاسمی، مولانا محمد اسلام قاسمی، مولانا مراد علی قاسمی، مولانا محمد کوثر جامعی، مولانا محمد عثمان قاسمی، حافظ محمد افروز، مولانا ثناء اللہ مظاہری، مولانا بیت اللہ ثاقبی،حافظ عبیداللہ کے علاوہ کثیر تعداد میں مقامی عوام موجود رہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر