Latest News

برٹش ایئرویز کے نئے یونیفارم میں حجاب بھی شامل۔

لندن: برٹش ایئرویز نے 20 سال کے بعد پہلی بار اپنے ارکان عملہ کے لئے نئے یونیفارم متعارف کرائے ہیں۔ ایئر لائن کی خواتین ارکان عملہ اب جمپ سوٹ پہن سکیں گی جبکہ اس کے ساتھ حجاب کا آپشن بھی شامل کر دیا گیا ہے۔نیا یونیفارم برطانوی فیشن ڈیزائنر اور درزی اوزوالڈ بوٹینگ او بی ای نے تیار کیا ہے۔برٹش ایئرویز کے چیئرمین اور سی ای او شان ڈوئل نے کہا کہ ہماری نئی یونیفارم ہمارے برانڈ کی ایک شاندار نمائندگی ہے جو ہمیں ہمارے مستقبل میں بہت آگے لے جائے گی۔ یہ جدید برطانیہ کی بہترین نمائندگی کرتی ہے اور ہمارے لئے اپنے گاہکوں کو ایک عظیم برطانوی اصل سرویس کی فراہمی میں بھی مدد کرتی ہے۔نئے یونیفارم کلیکشن میں مردوں کے لئے تیار کردہ تھری پیس سوٹ بھی شامل ہے جس میں باقاعدہ اور سلم فٹ اسٹائل کے ٹراؤزر اور خواتین کے لئے لباس، اسکرٹ اور ٹراؤزر کے آپشنز کے ساتھ ساتھ ایک جدید جمپ سوٹ بھی شامل ہے۔اس کے ساتھ حجاب کا اختیار بھی دیا گیا ہے اور جو خواتین ارکان عملہ حجاب استعمال کرنا چاہیں، انہیں حجاب کے ساتھ یونیفارم فراہم کیا جائے گا۔برٹس ایئر ویز کی کیبن کریو ایما کیری نے جو یونیفارم کے خفیہ ٹرائلز کرنے والے ساتھیوں میں سے ایک تھیں، کہا کہ یہ ایک حقیقی اعزاز اور ذمہ داری ہے کہ نئی یونیفارم کی جانچ کرنے میں انہیں شامل کیا گیا تھا۔میرے ہزاروں ساتھی مجھ پر اعتماد کر رہے ہیں کہ ہم نئے یونیفارم میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر گاہکوں کو خدمات فراہم کرنے سے پہلے ایسے یونیفارم کے ساتھ جائیں جو سب کے لئے قابل قبول ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ ہمارے فیڈ بیک کے مطابق یونیفارم میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر