Latest News

مدرسہ کے معصوم طلبہ کے ہاتھوں مہولی فاؤنڈیشن کے نئے سال کے کلینڈرکااجرا, ہمارا مقصد سماج کی خدمت کرنا ہے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینا ہے: اجمل شیخ۔

ممبئی: شہر کی معروف سماجی وملی تنظیم مہولی فاؤنڈیشن (گوونڈی ) نے سال ۲۰۲۳ کاخوبصورت کلینڈرترتیب دیاجس کی رسم اجراکی تقریب دارالعلوم تدریس القرآن روڈنمبر۲شیواجی نگرگوونڈی میں گزشتہ شب منعقدہوئی ۔تقریب کی صدارت بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹرمولاناغفران ساجدقاسمی نے کی،پروگرام کاآغاز دارالعلوم تدریس القرآن کے طلبہ کی تلاوت کلام اللہ اوربارگاہ نبوت میں نعتیہ کلام سے ہوا۔اس موقع پردارالعلوم تدریس القرآن کے استاذمولاناامجدقاسمی نے مہولی فاؤنڈیشن کاتعارف پیش کرتے ہوئے بتایاکہ مہولی فاؤنڈیشن اپنے قیام کے روزاول سے ہی ضرورت مندوں کی ضرورتوں کوپوراکرنے میں سرگرم عمل ہے،کووڈکے زمانے میں فاؤنڈیشن نے لاک ڈاؤن میں پھنسے غریب خاندان اورمزدورطبقہ میں کھانااورراشن کے ذریعہ امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا،مہولی فاؤنڈیشن نے ہمیشہ بلاتفریق مذہب وملت انسانی بنیادوں پرلوگوں کی مددکی ہے اوریہ سلسلہ جاری ہے اورانشاء اللہ جاری رہے گا۔مولاناامجدقاسمی نے مزیدکہاکہ مہولی فاؤنڈیشن ممبئی میں مقیم اہل بہارسمیت صوبہ بہارکے مختلف علاقوں میں ضرورت مندوں کی ضرورتوں کوپوراکرنے میں سرگرم عمل ہے۔مہولی فاؤنڈیشن کے بانی وچیئرمین محمداجمل شیخ نے فاؤنڈیشن کے قیام کے اغراض ومقاصدپرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماج میں غریبی اورپریشانی دیکھ دیکھ کرہمیشہ دل کڑھتارہتاتھا،جہاں تک ممکن ہوتاانفرادی طورپرضرورت مندوں کی خدمت کیاکرتاتھا،پھرخیال آیاکہ کیوں نہ ذہنی طورپرہم آہنگ احباب کوجمع کرکے منظم طریقے سے سماج کی خدمت کی جائے اوردوسروں کوبھی خدمت کی ترغیب دی جاسکے،اسی مقصدکے تحت ہم نے اپنے چنداحباب کے ساتھ مل کرمہولی فاؤنڈیشن کی بنیادڈالی اورآج الحمدللہ ہرآنے والے دن میں ہماری ٹیم میں اضافہ ہورہاہے،ہمارامقصدہے کہ ہم سے جتناہوسکے گاہم اللہ کی پریشان حال مخلوق کی خدمت کرتے رہیں گے۔آخرمیں صدارتی کلمات بیان کرتے ہوئے بصیرت آن لائن کے چیف ایڈیٹرمولاناغفران ساجدقاسمی نے مہولی فاؤنڈیشن کے تمام ذمہ داران کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق یقینی طورپرایک مستحسن فریضہ ہےاورہرشخص کوغریب ونادار،محتاج اورضرورتمندوں کی ضرورت کوپوراکرنے کی فکرکرنی چاہئے،لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمارایہ بھی فریضہ ہے کہ ہم صرف امداددینے کی بجائے انہیں مستقل بنیادپرروزگارفراہم کرنے کے تعلق سے منصوبہ بندی کی جائے،اسی طرح بہارمیں جوافرادسود کی لعنت میں مبتلاہیں انہیں سودی لعنت سے نکالنے کی ترکیب ڈھونڈی جائے،کیوں کہ سود ی لین دین گویااللہ تعالیٰ کے خلاف اعلان جنگ ہے اورسود میں مبتلاشخص اپنے دین وایمان سے ہاتھ دھوبیٹھتاہے،اس لئے ضروری ہے کہ ہم ممبئی میں ضرورت مندوں کاخیال رکھیں اس کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں بھی ضرورت مندوں کاخیال کریں اورجولوگ بے روزگارہیں،جنہیں چھوٹے قرض کی ضرورت ہے انہیں روزگارفراہم کرنے اورقرض مہیاکرنے کے تعلق سے بھی مضبوط اورٹھوس لائحہ عمل تیارکریں ۔اس دوران مولانا عبدالقادر (مدرسہ دارالعلوم تدریس القرآن)، ممبئی اردو نیوز کے صحافی نازش ہما قاسمی، شہاب ٹی وی کے روح رواں قاری شہاب صدیقی، متین خان، فرید خان، اعجاز شیخ، مولانا افضل پرویز، ڈاکٹر مجتبی حسن، مصطفی شیخ، کامل انصاری اور منظور عالم کا شال اوڑھا کر استقبال کیاگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر