Latest News

بی جے پی کا اگلا صدر کون؟ دو دن میں ہوگا فیصلہ۔

نئی دہلی:  بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر کے حوالے سے جلد ہی بڑا فیصلہ ہوسکتا ہے۔ بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ اس میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ بی جے پی کا اگلا قومی صدر کون ہوگا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی طے کریں گے کہ بی جے پی 2024 کے لوک سبھا انتخابات کس کی کمان میں لڑے گی۔ فی الحال بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا ہیں۔ نڈا کی میعاد رواں ماہ 20 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔ 20 جنوری 2020 کو جے پی نڈا کو قومی صدر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ حالانکہ جے پی نڈا کو جولائی 2019 میں بی جے پی کا ورکنگ صدر بنایا گیا تھا ۔حالانکہ ہر مدت کار کے لئے الیکشن ہوتا ہے۔ انتخابی سال میں بی جے پی ایگزیکٹو کے ذریعہ میعاد کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بھی اس وقت کے قومی صدر امت شاہ کی میعاد لوک سبھا انتخابات تک بڑھا دی گئی تھی۔بھارتیہ جنتا پارٹی میں قومی صدر کا انتخاب ریاستی تنظیموں کے انتخابات کے بعد ہوتا ہے۔ قوانین کے مطابق اگر 50 فیصد ریاستوں میں تنظیم کا انتخاب ہوگیا ہے، تو قومی صدر کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ ایک قومی صدر کی مدت تین سال ہوتی ہے۔ پارٹی کے آئین کے آرٹیکل 21 کے مطابق کوئی بھی لیڈر تین سال کی صرف دو میعادوں کے لیے بی جے پی کا صدر رہ سکتا ہے۔ یعنی ایک لیڈر لگاتار 6 سالوں تک صدر کے عہدے پر فائز رہ سکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر