Latest News

دارالعلوم دیوبند کے بزرگ استاذ حضرت مولانا بلال اصغر قاسمی قبرستان میں سپردخاک۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
  حضرت مولانا عبدالاحد مرحوم محدث دارالعلوم دیوبند کے فرزندا ور دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا بلال اصغر کا مختصر علالت کے بعد تقریباً 80 سال کی عمر میں گزشتہ شب انتقال ہوگیا۔ مولانا ذیا بطیس کے مریض تھے ، شوگر بہت زیادہ بڑھ جانے کے باعث جمعرات کے روز عشاء کی نماز کے بعد اچانک مولانا کی طبیعت بگڑی جس کے بعد مقامی نرسنگ ہوم میں لے جایا گیا ،جہاں سے ڈاکٹر کے مشورے کے بعد انھیں بغرض علاج مظفرنگر لے جایا رہا تھا، ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستہ میں ان کا انتقال ہوگیا۔ مولانا بلال اصغر مرحوم کا شمار حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی رحمہ اللہ کے خاص شاگردوں میں ہوتا تھا، مولانا مرحوم کو حضرت مدنی سے بخاری شریف کا آخری درس لینے کا شرف حاصل تھا، مولانا کی شخصیت علمی وقار اور عمیق مطالعہ سے عبارت تھی، جس کی روشنی میں آپ اپنے آخری ایام میں تاریخ وتفسیر کا درس دیا کرتے تھے، آپ طلبہ اور اساتذہ کے درمیان یکساں طور پر مقبول تھے۔
ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی عزیز واقارب متعلقین،علماء اور اساتذہ کے علاوہ شہر کے سرکردہ افراد نے ان کی رہائش گاہ محلہ ابوالبرکات متصل سفید مسجد پہنچ کر اظہار افسوس کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی۔مولانا بلال اصغر اور ٹھیکیدار عبدالحمید خاں کی نماز جنازہ آج صبح گیارہ بجے احاطہ مولسری میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ادا کرائی۔بعد ازیں قاسمی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مولانا بلال اصغر کے انتقال پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی ،جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی، صدر جمعیۃ مولانا سید محمود مدنی،نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا ندیم الواجدی ، دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی،تحفظ ختم نبوت کے نائب ناظم مولانا شاہ عالم گورکھپوری،یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید، جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے گہرے رنج و الم کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مولانا مرحوم ایک بابرکت اور بزرگ عالم دین تھے،وہ علمی گھرانے سے تعلق رکھتے،ان کی پوری زندگی درس و تدریس اور دارالعلوم دیوبند کی خدمت میں گزری ہے۔مولانا کا رخصت ہوجانا اہل خانہ کے ساتھ ساتھ ہم سب کے لیے بھی باعث رنج وغم ہے، اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کی مغفرت فرمائے ،درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔نماز جنازہ میں مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، نائب منیجر سید آصف حسین، سابق چیئرمین انعام قریشی، سابق رکن اسمبلی معاویہ علی، مدنی ٹور اینڈ ٹریولس کے ڈائریکٹر عمیر احمد عثمانی، سلیم عثمانی، مسعود خاں رانا، فہیم نمبردار،ارشد صدیقی، فہیم اختر صدیقی وغیرہ سمیت شہر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر