Latest News

ممبئی پہنچنے پر ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی کو انجمن اسلام کی جانب سے دیا گیا استقبالیہ، بہترین صحافتی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے سرفراز۔

ممبئی: ملت ٹائمز کے بانی و چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی کی ممبئی آمد پر مشہور دانشور اور انجمن اسلام ممبئی کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے انہیں انجمن کے اکبر ہال میں استقبالیہ دیا، ڈاکٹر ظہیر قاضی نے ملت ٹائمز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ بہت کم وقت میں آپ نے ملت ٹائمز کو معتبر اور مستند میڈیا ہاؤس کی فہرست میں شامل کردیا ہے جس کیلئے آپ اور آپ کی ٹیم مبارکباد کی حقدار ہے، ملت ٹائمز کو میں بھی پڑھتا اور دیکھتا ہوں آپ ان مسائل پر توجہ دیتے ہیں جس سے ملت اسلامیہ کا مفاد وابستہ ہوتا ہے، مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ آپ نے اسے کمرشیل ادارہ نہیں بنایا ہے بلکہ پورے خلوص کے ساتھ کام کررہے ہیں مسلمانوں کے مسائل کو مثبت انداز میں پیش کرتے ہیں اور ہندوستان کے تمام اکابرین، علماء، دانشوران اور ملی تنظیموں کے رہنما ملت ٹائمز کی خبروں پر اعتماد کرتے ہیں، آپ کا وزن اور مقصد بہت بلند ہے، انجمن اسلام میں بھی ماس کمیونیکیشن کا شعبہ اب شروع ہوگا جس کیلئے آپ کی خدمات درکار ہوگی۔

معروف عالم دین مفتی منظور ضیائی نے کہاکہ ملت ٹائمز اور شمس تبریز قاسمی کو میں طویل عرصے جانتا ہوں، ملت ٹائمز کی خبروں پر حکومت وایجنسیاں اور انتظامیہ کی نظر رہتی ہے، میڈیا کی کمی کا جو شکوہ مسلمانوں کو تھا شمس تبریز قاسمی نے اس کو دور کردیا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے ترجمان نظام الدین راعین نے کہاکہ شمس تبریز قاسمی پر ہمیں فخر ہے جو ہماری آواز پوری قوت اور مضبوطی کے ساتھ اٹھاتے ہیں، ہندوستان میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے یہ وہاں پہونچ جاتے ہیں ۔ اس موقع پر انجمن باشندگان بہار ممبئی کے صدر مولانا قمر رضا اشرفی، جنرل سیکرٹری جناب محمود حکیمی اور ان کی ٹیم نے بہترین صحافتی خدمات کی بنیاد پر شمس تبریز قاسمی کو ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا۔ تقریب میں مذکور شخصیات کے علاوہ مشہور ملی رہنما علامہ حسنی بنئ صدر آل انڈیا علماء بورڈ ، مولانا نوشاد صدیقی صدر امام الہند فاؤنڈیشن، مولانا عبد الماجد راہی قاسمی، اردو کارواں کے صدر فرید خان، محمد فرقان، رضوان شیخ سمیت شہر کی متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور ملت ٹائمز کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شمس تبریز قاسمی کو مبارکباد پیش کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر