Latest News

زلزلے کے۱۲‘ دن بعد ملبے سے تین افراد کو زندہ نکالا گیا، ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ۴۵ ہزار سے تجاوز کر گئی۔

انقرہ: ترکی اور شام میں چھ فروری کو آنے والے قیامت خیز زلزلے کے ۲۹۶گھنٹوں بعد ہفتے کے روز جنوبی ترکی کے شہر حتائی میں تباہ حال عمارت کے ملبے سے ایک بچے سمیت تین افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق ہفتے کو ہنگامی صورت حال کی وزارت کی جانب سے نشر کی گئی ایک ویڈیو میں امدادی ٹیم ملبے کے نیچے پھنسے ایک بچے سمیت دو افراد کو زندہ نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترک ٹیلی ویژن چینل این ٹی وی کے ایک صحافی نے بعد میں بتایا کہ زندہ ملنے والے افراد میں سے ایک ہسپتال لے جانے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔منجمد موسم میں ملبے کے نیچے اتنے لمبے عرصے تک پھنسے رہنے کے باوجود ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہی ہیں لیکن پچھلے کچھ دنوں میں ان کی تعداد کم ہو کر صرف مٹھی بھر رہ گئی ہے۔ترکی کے امدادی کارکنوں نے جمعہ کے روز ایک ۴۵سالہ شخص کو ملبے سے نکالا تھا جس کے کئی گھنٹے بعد دیگر ٹیموں نے ملبے تلے ایک ۱۴سالہ لڑکے سمیت تین افراد کو زندہ نکالا تھا۔ترک ڈیزاسٹر اتھارٹی نے کہا کہ ترکی میں اموات کی مجموعی تعداد تقریباً ۴۰ ہزار ہو گئی ہے تاہم اس تعداد میں اضافے کی توقع ہے کیونکہ زلزلے میں تقریباً ڈھائی لاکھ سے زیادہ اپارٹمنٹس تباہ ہو گئے تھے اور بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شام میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پانچ ہزار ۸۰۰افراد ہلاک ہوئے ہیں حالانکہ یہ تعداد کئی دنوں سے تبدیل نہیں ہوئی ہے۔اس طرح ترکی اور شام میں زلزلے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد ۴۵ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر