Latest News

علاقائی مسائل کے حل کیلئے تنظیم ائمہ مساجد فکر مند، مشاورتی مٹینگ میں لئے گئے کئی اہم فیصلے۔

سہرسہ:  آج تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کی جانب سے رانی باغ جامع مسجد سمری بختیار پور میں علماء، ائمہ، دانشوران و تعلیمی میدان سے وابستہ اہم شخصیات کی ایک اہم مشاورتی مٹینگ مشہور صاحب نسبت بزرگ پروفیسر سیدقسیم اشرف کی سرپرستی اور امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے مفتی سعیدالرحمن قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، پروگرام کا آغاز مولانا اشرف ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض وژن انٹرنیشنل اسکول کے ڈائریکٹر شاہنوازبدرقاسمی نے بحسن وخوبی انجام دئیے۔
اس موقع پر الحاج پروفیسر سید قسیم اشرف نے اپنے بیان میں کہاکہ اگر معاشرے میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس کی شروعات اپنے گھر سے کرنی ہوگی، آج ہم اپنے بچوں کو دیندار تو بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم خود دینداری سے دور ہوتے جارہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہمیں زمینی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ترجیحات طے کرنے ہوں گے۔پروفیسر امتیاز انجم نے کہاکہ نئی نسل کی معیاری تعلیم کے ساتھ ان کی تربیت کی فکر کرنا ہم سب کی سماجی و دینی ذمہ داری ہے اگر ہم نے بچوں کو بے لگام چھوڑدیا تو اس کے خطرناک نتائج مرتب ہوں گے، انہوں نے کہاکہ ہم اپنے بچوں کو ہمیشہ مثبت سوچ اور تعمیری فکر کا عادی بنائیں۔پروفیسر ابوالفضل نے کہاکہ تنظیم ائمہ مساجد کے ذمہ داران مبارکباد اور شکریہ کے مستحق ہیں کہ وہ علاقائی مسائل پر ہم سب کو بیدار کرنے کا کام کرتے رہتے ہیں، یہ بیداری انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کوششوں سے ہی آسکتی ہے جس میں آپ کا بھرپور تعاون درکار ہے۔مولانا مرسلین اشاعتی نے مسلم بچوں کی بنیادی دینی تعلیم کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی پر زور دیا، مفتی نصراللہ قاسمی نے کہاکہ اس وقت کا سب سے بڑا مسئلہ اپنے بچوں کو ارتداد کی لہر سے بچانا ہے اگر ہم اس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں تو ہمیں اپنے بچوں کی عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کی بھی فکر کرنی ہوگی۔مولانا جعفرامام قاسمی نے کہاکہ ہمارے بچے مواقع کے باوجود محنت کرنے سے دور بھاگتے ہیں، اعلی تعلیم کیلئے بہت سے مواقع ہیں لیکن اپنی آسانی کے چکر میں ہمارے نوجوان ہر میدان میں پیچھے رہ جاتے ہیں اس کیلئے ہمیں نوجوانوں میں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔
تنظیم ائمہ مساجد سہرسہ کے صدرحافظ محمد ممتاز رحمانی نے تجاویز پیش کرتے ہوئے مقامی سطح کے بنیادی مسائل کو پیش کیا اور اس کے حل پر زور دیااور کہاکہ ہمیں اگر شرمندگی اور ندامت سے بچنا ہے تو ہمیں عملی میدان میں کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ ہم سب سرجوڑ کر کئے اہم فیصلے لئے جن کے عملی نفاذ کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔ مفتی سعیدالرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اس وقت ملت مختلف طرح کے مسائل میں الجھی ہوئی ہے ہمیں بنیادی طورپر اپنے دین و ایمان کے تحفظ اور نئی نسل کی مستقل کی فکر کرنی ہوگی اگر ہم نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھایا تو اس کے قصور وار ہم خود ہوں گے، انہوں نے کہاکہ آج تعلیم کے نام پر ہمارے بچوں کو بددین اور بے حیا بنایا جارہا ہے، ارتداد کی لہر سے اپنے معاشرے کو بچانے کا واحد یہی راستہ ہے کہ ہم نئی نسل کو دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں اور انہیں اسلامی تعلیمات سے واقف کرائیں۔آخر میں تنظیم کے جنرل سکریٹر ی مولانا مظاہر الحق قاسمی کی دعا ء پر مجلس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر سمری بختیار پور کے کوہ نور پبلک اسکول کے پرنسپل محمد عمران، گایتری اسکول کے نمائندہ جیتندر کمار، انٹگرل اسکول کے ڈائریکٹر محمد طارق، ایم بییشن کوچنگ سینٹر کے وارث ظہیروغیرہ نے بھی اپنے تاثرات کااظہار کیا۔
مشاورتی نشست میں مولانا عادل ندوی، مولانا نہال احمد، مولانا رضوان، مولانا مشیرقاسمی، حافظ فیروز، حافظ رضوان، سمری بختیارپور ہاسپٹل انچارج محبوب اشرفی، ماسٹر زکریا،سید کمال اشرف، محمد فخرالدین، قاری اختر،مفتی ظل الرحمن قاسمی، ڈاکٹر ابوہریرہ، ماسٹر سلطان، وارڈ کمشنر عبداللہ، ماسٹر ماہر، ابوحذیفہ، ہارون رشید، اقبال عرف گڈو، مشیر عالم، داکٹر حدیث، ماسٹر شاہد انوروغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر