Latest News

نسل نو کے عقیدہ کے تحفظ کے لئے مکاتب کا قیام ضروری، مسابقہ بورڈ کے تحت مدنی منزل میں منعقد مسابقہ میں مولانا حسین احمد مدنی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
جمعیة علماءہند کے زیر اہتمام دینی تعلیمی بورڈ کے ذریعہ چلنے والے مکاتب کا سالانہ اجلاس مولانا محمود اسعد مدنی کی رہائش گاہ مدنی منزل میں مسابقہ بورڈ کے ذمہ دار مولانا حسین احمد مدنی کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا ،جس میں ضلع سہارنپور ، صوبہ اتراکھنڈاور صوبہ ہریانہ کے مکاتب میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے اور بچیوں نے شرکت کی اور اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر طلبہ وطالبات کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ ضلع سہارنپور میں دینی مکاتب کے ذمہ دار مولانا ثناءاللہ قاسمی نے بتایا کہ اس مسابقہ میں تقریباً 75طلبہ وطالبات نے شرکت کی اور اپنی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہو ںنے بتایاکہ مسابقہ میں حکم کے طو رپر مولانا سلمان ندوی ، مولانا محمد ابراہیم قاسمی اور حافظ محمد فرمان نوگانوی نے شرکت کی۔ بعد ازاں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے ذمہ دار مولانا حسین احمد مدنی نے طلبہ وطالبات کی صلاحیت دیکھ کر اطمینان کااظہار کیا اور کہا کہ ہمیں یہ عزم کرنا چاہئے کہ پورے ملک میں خاص طو ر پر ضلع سہارنپور میں جگہ جگہ بچوں کے لئے مکاتب کا قیام کیا جائے اور عوام کو قرآنی تعلیمات پر آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئے دن حالات بدلتے جارہے ہیں ، روز بروز مسلمانوں کے خلاف سازشیں رچی جارہی ہیں ، ہر چہارسو زہریلی ہوائیں چلائی جارہی ہیں ،یہ حالات مسلمانوں کی نسل نو کے حق میں انتہائی خطرناک اور مہلک دین وایمان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات کا بس واحد علاج مکاتب دینیہ کا قیام ہے جو بقائے اسلام اور تحفظ دین وایمان کا ذریعہ ہے، جو کہ ایک دینی گہوارہ اور بنیادی درسگاہ ہے۔ اس لئے مکاتب کا قیام جگہ جگہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیة علماءہند کے اکابر نے مکاتب کا جو نظام دیا ہے وہ دور حاضر میں سب سے زیادہ بامعنی اور بامقصد ہے۔ ہمیں اپنی نسل نو کی حفاظت کرنی ہے، اسے اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے اپنی نسل کے ایمان کے بچانے کی ذمہ داری ہے ، صرف خدا کا خوف ہی ایسی چیز ہے جو انسان کے دل کو پاک اور اس کے اخلاق کو بلند کردیتا ہے۔ پس صرف اپنے مذہب کے خاطرہی نہیں بلکہ ملک کی خیرخواہی کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ اگر سرکار مذہبی تعلیم کی ذمہ داری نہیں لے سکتی تو یہ ذمہ داری ہم خود اپنے اوپر لیں اور اپنے طور پر بچوں کی مذہبی تعلیم اور دینی تربیت کا انتظام کریں ۔ اس موقع پر پروگرام کی نظامت محمد شعیب نے انجام دی ۔ اس دوران مفتی محمد کوکب،مولانا سید محمد مدنی،قاری محمد اسجد کے علاوہ جمعیة علماءہند کے کارکنان اور بچوں کے ساتذہ موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر