Latest News

ہم سب حضورﷺ کی سیرت پر عمل کریں: مولانا یحییٰ نقشبندی، انجمن اہل السنہ والجماعۃ کے اجلاس میں توہین قرآن، شان رسالت میںﷺ گستاخی کی مذمت۔

ممبئی: نازش ہما قاسمی۔
ممبئی کے اہل حق علماء کی معروف جماعت اہل السنہ والجماعۃ کے زیر اہتمام وائی ایم سی اے گرائونڈ میں سہ روزہ عظیم الشان ’’تحفظ سنت وعظمت صحابہؓ کانفرنس‘‘ کے پہلےدن مولانا یحیی نقشبندی نے سیرت نبوی ﷺکی روشنی میں فرد اور معاشرے کی اصلاح پر زور کے ساتھ کہاکہ آج کل مسلم معاشرے میں پھیلی ہوئی بے جا رسومات، غیر اسلامی اعمال، فضول خرچی، بے راہ روی نے ہمیںدین سے دور اور کھوکھلا کردیا ہے ہمیں اپنی اور سماجی اصلاح کی کوشش کرنا چاہئے اور اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم سب حضور ﷺکی سیرت اور ان کی سنت اور صحابہ کرام کے طور طریقوں پر پر عمل کریں۔ انہوں نے تجدید ایمان، ذکراللہ کی کثرت اور ملک میں مسلم بچیوں کے ارتداد کو روکنے کے لیے گھروں میں دینی ماحول کے قیام پر زور دیا۔ 
بتادیں کہ امیر الہند حضرت ـ مولانا سید ارشد مدنی خرابی صحت کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔ انہوں نے اپنا پیغام ارسال کیا جس میںانہوں نے انجمن اہل سنت والجماعت کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملت سے اپیل کی کہ ’’جو لوگ جس سطح پر بھی دینی خدمات انجام دے رہے ہیں ان سب سے تعاون کرنا چاہئے‘‘۔ ـمولانا محموداحمد خاں دریابادی نے ابتدائی کلمات میں انجمن کی مختصر تاریخ اور خدمات بیان کی، انجمن کے سابقہ اجلاسوں میں شرکت کرنے والے علماء مرحومین خاص طور مفتی سعید پالنپوری شیخ الحدیث و صدر مدرسین دارالعلوم دیوبند، مولانا عبدالخالق سنبھلی نائب مہتتم دارالعلوم دیوبند اور مولانا عبدالروف صاحب ودیگر علماء کے لئے اظہار تعزیت کیا۔نیز سویڈن، ہالینڈ اور ڈنمارک میں قران کے بے حرمتی اور ملک کے بعض علاقوں میں شان رسالتﷺ و دیگر شعائر اسلام کی بے حرمتی کی مذمت کی اور شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ 
سبنھل مرادآباد سے تشریف لائے مولانا اسعد قاسم سبنھلی نے شکیل ابن حنیف کے پھیلائے ہوئے فتنے کا پوسٹ مارٹم کیا، مہدی عیسی، دجال وغیرہ کے نام پر اس فتنے نے ایک طرف سادح لوح کم تعلیم یافتہ مسلمان کو گمراہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے تو دوسری طرف تعلیم یافتہ نوجوان خصوصا ڈاکٹر، انجینئر، وکیل وغیرہ کو بھی اپنے جال میں پھانسنے کی کوشش کررہے ہیں، اس فتنہ کے ذریعے بڑی گمراہی پھیل رہی ہے۔ اجلاس کی نظامت مفتی حذیفہ قاسمی نے کی۔ پروگرام کا آغاز قاری زاہد قاسمی کی تلاوت سے سے ہوا، نعت نبیﷺ کا نذرانہ قاری عثمان گونڈی نے پیش کیا۔ دوران اجلاس ہفت روزہ ملی بصیرت کے تحفظ سنت و عظمت صحابہ ؓنمبر کا رسم اجرابھی اکابر علماء کے ہاتھوں عمل میںآیا۔ اسٹیج پر سرپرست انجمن مفتی عزیز الرحمن فتحپوری (مفتی اعظم مہاراشٹر) ودیگر علماء میں مولانا حافظ عظیم الرحمن صدیقی ، مفتی سعیدالرحمن فاروقی، قاری صادق صاحب ، مولانا ذاکر قاسمی، حافظ اقبال چونا والا، مولانا عارف قاسمی، مولانا حیات اللہ قاسمی، مولانا رشید احمد ندوی، غفران ساجد قاسمی، مفتی ثاقب فتحپوری اور لکھنو سے تشریف لائے مفتی توصیف قاسمی موجود تھےـ۔ پروگرام بصیرت آن لائن کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیاگیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر