Latest News

ممبئی پر دہشت گردانہ حملے کرنے والے پاکستان سے آئے تھے، ۱۱؍۲۶ کے حملہ آور آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، لاہور میں فیض فیسٹول میں جاوید اختر کا بیان۔

ممبئی: معروف شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے کہا ہے کہ ۱۱؍۲۶ ممبئی حملوں کے خاطی ناروے یا مصر سے نہیں آئے تھے بلکہ وہ آج بھی پاکستان میں کھلے عام گھوم رہے ہیں۔ ہندوستان جب ۲۰۰۸ کے قتل ِ عام کی بات کرتا ہے تو پاکستانیوں کو برا نہیں ماننا چاہئے۔
جاوید اختر نے اتوارکے دن لاہور میں ۷ویں فیض فیسٹیول میں شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی جو مشہور شاعر فیض احمد فیضؔ کی یاد میں منعقد ہوا تھا۔ حاضرین میں کسی نے جاوید اختر سے کہا تھا کہ وہ یہاں سے امن کا پیام لے جائیں اور ہندوستانیوں سے کہیں کہ پاکستان ایک مثبت دوستانہ اور محبت کرنے والا ملک ہے۔ اس پر ۷۸ سالہ شاعر نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو موردِالزام نہیں ٹھہرانا چاہئے۔ اس سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ماحول کشیدہ ہے جسے ٹھیک کرنا چاہئے۔
جاوید اختر نے کہا کہ ہم ممبئی والے ہیں‘ ہم نے اپنے شہر پر حملہ دیکھا ہے‘ حملہ آور ناروے یا مصر سے نہیں آئے تھے۔ وہ آپ کے ملک میں آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ کسی ہندوستانی کے دل میں کوئی شکایت ہو تو آپ کو خفا نہیں ہونا چاہئے۔ ۲۶ نومبر ۲۰۰۸ کو حافظ سعید کی لشکر طیبہ کے ۱۰ پاکستانی دہشت گرد بحری راستہ ممبئی پہنچے تھے۔انہوں نے گولیاں چلاکر ۱۶۶ افراد کو ہلاک اور کئی دیگر کو زخمی کردیا تھا۔ حملہ آوروں نے ۶۰ گھنٹے تک ممبئی کا محاصرہ کرلیا تھا۔ دنیا بھر میں ان حملوں کی مذمت ہوئی تھی۔ ہندوستانی سیکوریٹی فورسس نے ۹ دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔ اجمل قصاب وہ واحد دہشت گرد تھا جو زندہ پکڑا گیا تھا۔ اسے ۴ سال بعد ۲۱نومبر ۲۰۱۲کو کو پھانسی دی گئی تھی۔ ہندوستان بار بار کہتا رہا ہے کہ ۱۱؍۲۶ حملوں کے سازشی اور منصوبہ سازوں کو ہنوز پروٹیکشن ملا ہوا ہے۔ انہیں سزا نہیں ہوئی ہے۔ جاوید اختر نے حاضرین ِ جلسہ سے کہا کہ نصرت فتح علی خان اور مہدی حسن جیسے پاکستانی فنکاروں کا ہندوستان میں گرمجوشی سے استقبال ہوتا رہا ہے لیکن پاکستان نے اپنے ہاں لتامنگیشکر کا ایک شو تک نہیں کرایا۔ اسی دوران بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے جاوید اختر کی کھل کر تعریف کی کہ انہوں نے ممبئی دہشت گرد حملوں کے تعلق سے دوٹوک بات چیت کی۔ کنگنا رناوت نے ٹویٹ کیا ”گھر میں گھس کے مارا“۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر