Latest News

زندگی کے ہر شعبہ میں اسلامی اصولوں پر عمل کریں،جماعت اسلامی کے ضلعی پروگرام میں شرکاء کا خطاب۔

مظفر نگر: سمیر چودھری۔
جماعت اسلامی ہند ضلع مظفر نگر و شاملی کا ایک ضلعی اجتماع مظفر نگر لدھا والا کی اسلامی درس گاہ میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت بزرگ حکیم الدین چرتھاولی نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر شاہ نواز نے انجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز حکیم الدین کی تلاوت کلام پاک اور شاعر ڈاکٹر طاہر قمر کی نعت پاک سے ہوا۔ 
اجتماع کے مقصد کو بیان کرتے ہوئے ناظم ضلع مظفر نگر وکیل احمد نے بتایا کہ جماعت کی جدو جہد کے 75 سال مکمل ہو چکے ہیں، ایسے میں ہمیں اپنا جائزہ لے کر اپنی زندگی کو خدا کے حوالے کرنا ہوگا۔مرادآباد سے تشریف لائے ناظم حلقہ حافظ عبد القادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صحیح معنوں میں دین کے علم بردار بن کر زندگی گزاریں۔ ہم صرف عبادات تک ہی اپنے کو محدود نہ رکھیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں اسلامی احکامات کواپنی ذات کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی اپلائی کرنے کی جدو جہد میں مصروف ہو جائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت باطل نظام اسلام کے سامنے ایک چیلنج بن کر کھڑا ہے، اس سے گھبرانے اور مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ قرآن کا حوالہ دیکر انھوں نے بتایا کہ تم ہی سربلند ہوگے اگر تم مومن ہو۔ انہوں نے اسلام کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ پکڑے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے باہمی اتحاد کو مظبوط کرنے پر زور دیا۔ 

مغربی اتر پردیش کے سکریٹری مولانا عتیق احمد اصلاحی نے جماعت اسلامی کی جدو جہد پر تفصیلی گفتگو کی اور مختلف فیلڈ میں ہو رہے رفاعی کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اپیل کی کہ وقت فرصت ہے کہاں، کام ابھی باقی ہے کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کا مطالعہ ہر حال میں اس لئے بھی ضروری ہے کہ قرآن کے رہنما اصول ہماری زندگی کا بیش قیمتی سرمایہ ہیں جن کو اپنی زندگی کا جز بنا کر ہم نہ صرف دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں بلکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے فائدہ اٹھاتی رہیں گی۔بس اسلامی تعلیمات کو سمجھیں ان پر عمل کریں اور انھیں کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ تاکہ دنیا و آخرت میں ہم کامیابی حاصل کر سکیں۔آخر میں حکیم الدیں کی دعا پر اجلاس اختتام کو پہنچا۔ 
اجلاس کو کامیاب بنانے والوں میں محمد راشد، عبد الرب، محمد عثمان، ڈاکٹر شاہ نواز کا خصوصی تعاون رہا۔اس موقع پر ماسٹر شہزاد، یو ڈی او کے ضلع صدر کلیم تیاگی، ٹی ایس سی ٹی کے اتر پردیش کنوینر ڈاکٹر فرخ حسن، ماسٹر اوصاف انصاری، حافظ عبد العزیز، محمد ضیاءقریشی،شاہ نظر ثانی، ڈاکٹر شاہد انصاری، محمد مقیم، عبد اللہ، شجاع الدین وغیرہ کے ساتھ ساتھ سیکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر