Latest News

دہلی ایمس میں داخل قیدی پولیس کو چکمہ دے کرفرار، سہارنپور پولیس انتظامیہ میں کھلبلی، پولیس اہلکار معطل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دہلی میں ایمس میں داخل سہارنپور کا قیدی پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا ، اس معاملہ میں پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا۔ جب کہ پی اے سی کے جوان کے خلاف کارروائی کے لئے سینئر جیل انچارج نے اعلیٰ افسران کو مکتوب لکھا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق سہارنپور کے کوتوالی صدر بازار پولیس نے 9 فروری کو دھوکا دھڑی کے معاملہ میں ضلع باغپت کے قصبہ ٹیکری کی پٹی مین کے رہنے والے ارون شرما کو گرفتار کرکے جیل بھیجا تھا ۔ ارون شرما اسی وقت سے جیل میں بند تھا ، گزشتہ 21فروری کو ایک معاملہ میں ارون شرما کی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع ہری دوار کی عدالت میں پیشی تھی ، پولیس اہلکاروں کے ساتھ ارون شرما جب واپس آرہا تھا تو راستہ میں اسے الٹی آنی شروع ہوگئی۔ اس کی اطلاع متعلقہ پولیس اہلکاروں نے جیل انچارج امیتا دوبے کو دی جس کے بعد ضلع جیل کے اسپتال میں علاج کے لئے ارون کو داخل کرایا گیا ، لیکن اس کی حالت میں سدھار نہیں ہوا، جس کے بعد اسے ضلع اسپتال اور یہاں سے گورنمنٹ میڈیکل کالج پلکھنی ریفر کیا گیا۔ مگر طبیعت صحیح نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے اسے دہلی میں واقع ایمس کے لئے ریفر کردیا ، گزشتہ جمعرات کو پولیس اہلکار آدتیہ سوم اور پی اے سی کا جوان وویک کوشک نے ارون شرما قیدی کو دہلی کے ایمس میں داخل کرایا ، جہاں سے وہ گزشتہ کل دوپہر میں پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ اس کا علم ہوتے ہی جیل اسٹاف میں افراتفری مچ گئی اور فوراً سینئر جیل انچارج نے پولیس اہلکار آدتیہ سوم کو فوراً معطل کردیا ، جب کہ پی اے سی جوان وویک کوشک کے خلاف کارروائی کے لئے پی اے سی کے اعلیٰ افسران کو مکتوب لکھا ہے۔ اس سلسلہ میں جیل انچارج امیتا دوبے نے بتایا کہ ایمس میں داخل قیدی ارون فرار ہوا ہے ، لاپرواہی برتنے پر پولیس اہلکار کو معطل کیا گیا ہے اور پی اے سی جوان کے خلاف کارروائی کے لئے اعلیٰ افسران کو مکتوب بھی تحریر کردیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ ضلع سہارنپور میں پہلے بھی کئی مرتبہ قیدی فرار ہوچکے ہیں ، نیو بھگت سنگھ کالونی میں 2011میں سہگل خاندان کے قتل کا ملزم جودھن ریاست مدھیہ پردیش کے بھوپال میں پیشی پر لے جاتے وقت راج گڑھ کے بیاور علاقہ میں پولیس سیکورٹی سے فرار ہوگیا تھا ، گزشتہ دو سال قبل الگ الگ معاملات میں جیل گئے ملزم صدر حوالات کی دیوار کود کر فرار ہوگئے تھے ، اس کے کچھ دن بعد ہی چار قیدی پولیس کی گاڑی کی جالی کاٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔ اسی طرح تھانہ جنک پوری پولیس کے ذریعہ گرفتار کئے گئے چوری کے ملزمان بھی عدالت سے جیل جاتے وقت تھانہ جنک پوری علاقہ میں ریماﺅنڈ ڈپو کے پاس سے فرارہوگیا جسے پولیس نے کچھ روز بعد ہی گرفتار کرلیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر