Latest News

روڑکی میں پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، ۴؍ہلاک، کئی شدید زخمی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اتراکھنڈ کے روڑکی شہر کے مین بازار میں واقع پنچایتی دھرم شالہ گھنی آبادی والے علاقہ قانون گویان میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں زبردست آگ لگ جانے سے چار افرا دکی جل کر دردناک موت واقع ہوگئی۔ جب کہ کئی افراد شدید طور سے جھلس کر زخمی ہوگئے، تیز دھماکوں کے ساتھ پٹاخہ فیکٹری میں لگی آگ سے آس پاس افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور علاقہ کے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی ۔ سول لائن کوتوالی علاقہ میں ہوئی اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فائر برگیڈ کی گاڑیاں فوراً آگ بجھانے کے لئے جائے حادثہ پر پہنچی جنہوں نے بڑی مشقت کے بعدف آگ پر قابو پایا اور ساتھ ہی فورینسک جانچ کے لئے بھی ایک ٹیم موقع پر پہنچی ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پٹاخہ فیکٹری میں تقریباً آدھا درجن مزدور پٹاخہ بنانے کا کام کررہے تھے کہ اچانک چرخی کی چنگاری سے گودام کے اندر رکھے پٹاخوں نے آگ پکڑلی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطرناک رخ اختیار کرلیا،جس کے سبب گودام کے اندر کام کررہے مزدوروں کو آگ نے اپنی زد میں لے لیا۔ آس پاس کے لوگوں نے بڑی مشکل سے دیوار کو توڑ کر جلے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا اور موقع پر پہنچی ایمبولینس کے ذریعہ سے انہیں سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد چار لوگوں کو مردہ قرار دیدیا ، جب کہ دو لوگوں کو علاج کے لئے ہائیر سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔ پٹاخہ فیکٹری کے مالک آلوک جندل کی اس حادثہ کے بعد سے طبیعت خراب ہوگئی ، وہیں حادثہ کو لے کر اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ میں ماتم چھاگیا اور بڑی تعداد میں ان کے اہل خانہ اور محلہ کے باشندے سرکاری اسپتال میں جمع ہوگئے اور متأثرین کے لئے معقول معاوضہ کا مطالبہ کرنے لگے۔ علاقہ کے باشندوں نے آبادی والے علاقہ میں چل رہی اس طرح کے پٹاخہ فیکٹری کو لے کر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پٹاخہ فیکٹری گھنی آبادی والے علاقہ میں نہیں ہونی چاہئے ۔ گھنی آبادی میں ہونے کی وجہ سے کبھی بھی حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کو اس معاملہ کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور معقول کارروائی کرنی چاہئے۔ اُدھر اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچے اور واقعہ کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب عوامی نمائندے جن میں میئر روڑکی، گورو گویل، نتن تیاگی، آشیش اگروال، چندر پرکاش، سنجیو رائے، ہریش شرما، ڈاکٹر نیر کاظمی، ڈاکٹر افضل منگلوری، حاجی نوشاد احمد، ممتاز عباس نقوی، یٰسین، جمشید عرف کالا، اجے گلاٹھی، بھرت کپور، وکاس بنسل وغیرہ نے موقع پر پہنچ کر متأثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر