Latest News

ناصر اور جنید معاملے میں ایس آئی ٹی تشکیل، مارپیٹ سے ایک پہلے ہی مرچکا تھا، ثبوت مٹانے کےلیے دونوں کو جلادیا، ایس ایچ او کا ویڈیووائرل ہونے سے پولس محکمے میں مچی کھلبلی، انصاف کےلیے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں احتجاج۔

نئی دہلی؍ جے پور: راجستھان کے دو مسلم نوجوان ناصر اور جنید کو گئو تسکری کے الزام میں بولیرو گاڑی میں باندھ کر جلائے جانے کے معاملے میں کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم کے خلاف لاپروائی برتنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وہیں معاملے والے دن کا ایس ایچ او کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس سے پولس محکمے میں کھلبلی مچی ہوئی ہے، ویڈیو میں ایس ایچ او کی آواز واضح طور پر سنی جارہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ثبوت مٹانے کےلیے مسلم نوجوانوں کو جلایا، ناصر جنید گئو تسکر تھے، پٹائی سے ایک کی موت پہلے ہی ہوچکی تھی۔ ویڈیو میں ایس ایچ او واقعہ کے حوالے سے کئی اہم باتیں کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں ایس ایچ او رام نریش مینا کہہ رہے ہیں کہ جنید اور ناصر کو جو لوگ لے گئے تھے، انہوں نے پہلے ان کا قتل کیا۔ اس کے بعد انہیں ہریانہ پولیس اسٹیشن لے گئے لیکن دونوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے ہریانہ پولیس نے انہیں لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ویڈیو میں ایس ایچ او کہہ رہے ہیں کہ مار پیٹ کے دوران ہی ایک شخص کی موت ہوگئی تھی اور پھر ملزمان نے ثبوت مٹانے کے لیے دونوں کو جلا دیا۔وائرل ہو رہے ویڈیو میں گوپال گڑھ تھانے کے انچارج رام نریش مینا یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ان لوگوں کو سی آئی اے نے نہیں اٹھایا بلکہ جو لوگ ان دونوں کو اٹھا کر لے گئے تھے، انہوں نے ہی جنید اور ناصر کا قتل کیا۔ ملزمان دونوں کو پولیس اسٹیشن لے کر گئے اور کہا کہ ان دونوں کو گرفتار کرو، یہ دونوں گائے تسکری کے ایک معاملہ میں مطلوب ہیں، لیکن ان کی حالت دیکھ کر پولیس نے انہیں لینے سے انکار کر دیا۔ ویڈیو میں پولیس اسٹیشن انچارج رام نریش مینا کہہ رہے ہیں کہ ایک شخص کی مار پیٹ کی وجہ سے موت ہوگئی اور بعد میں ثبوت مٹانے کے لیے دونوں کو جلا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے واقعے میں مونو مانیسر کی لوکیشن کہیں نہیں آئی ہے۔ اس میں مونو رانا، انیل مورتھل اور وکاس آریہ کلیدی ملزم ہیں۔ مونو رانا بھیوانی کا رہنے والا ہے۔ بھیوانی اس جگہ سے زیادہ دور نہیں ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ گرفتار رنکو سینی کا تعلق مونو مانیسر کی ٹیم سے ہے۔ رنکو سینی سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے موبائل پر جس بولیرو گاڑی کا نمبر آیا ہے وہ ریکارڈ پر ہے۔ اسے چُھپایا نہیں جا سکتا۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شیام سنگھ کا کہنا ہے کہ اب ویڈیو کی جانچ کی جائے گی کہ ویڈیو اور آواز ایس ایچ او کی ہے یا نہیں۔ادھر جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ کے ایک گروہ نے ناصر اور جنید کو انصاف دلانے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا۔ طلبہ ہاتھوں میں جسٹس فار ناصر اور جنید کا بینر بھی لیے ہوئے تھے۔ مظاہرہ کررہے نوجوان کاکہنا تھا کہ ہماری جانیں جارہی ہیں،ہمارے گھر چھینے جارہے ہیں، ہم کچھ نہ بولیں۔طلبہ نے کہا کہ ہم آئے دن ہم سنتے ہیں کبھی یوپی میں ماردیا، کبھی ہریانہ میں،کبھی راجستھان میں لیکن یہ جو حال میں واقعہ ہوا ہے اس میں زندہ لوگوں کو جلادیاگیا ہے۔ طلبہ نے پولس اور بجرنگ دل کی ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ پولس نے دومسلم نوجوان کو اُٹھایا بجرنگ دل کے غنڈے ان کے ساتھ میں تھے، رات بھر مارا پیٹا، ۱۴ تاریخ کو انہیں اُٹھایاگیا، ۱۴ کو مارا، پھر ۱۵ کو مارا پیٹا، ۱۶ کو بھی خوب مارا، پھر لوکل تھانہ کو دے دیتے ہیں لیکن پولس لینے سے انکار کردیتی ہے، پولس بجرنگ دل والوں سے کہتی ہے کہ اسے تھانے سے دور لے جائو کہیں لے جاکر جلا کر ماردو کچھ بھی کرو۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پولس کا مکمل تحفظ ہے ان غنڈوں کو ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیںہوئی ہے، مونو نامی شخص ابھی تک کھلا گھوم رہا ہے۔ جامعہ کیمپس میں طلبہ آواز دو ہم ایک ہیں ، ماب لنچنگ کے خلاف لڑیں گے، جیتیں گے، ماب لنچنگ مردہ باد، بی جے پی آر ایس ایس وشو ہندو پریشد بجرنگ دل، مردہ باد، اسلامو فوبیا نہیں چلے گا نہیں چلے گا، مسلمانوں پر حملہ نہیں چلے گا نہیں چلے گا، اسلاموفوبیا کام ڈائون، ، گائے کے نام پر قتل بند کرو، بند کرو، گائے کے نام پر مسلمانوں کو مارنا بند کرو، بند کرو، بول رے ساتھی ہلہ بول ہلہ بول، کھٹر سرکار مردہ باد، گہلوت سرکار مردہ باد، ناصر کو انصاف دو، انصاف دو، لڑیں گے جیتیں گے، مونو کو پھانسی دو ، قاتلوں کو پھانسی دو جیسے نعرے لگائے گئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر