Latest News

پیار کے چکر میں ملائم سنگھ یادو سے شادی کرنے ہندوستان آنے والی اقرا جیوانی کو پاکستان بھیج دیا گیا۔

حیدرآباد: ہندوستانی حکومت نے اقرا جیوانی نامی خاتون کو اسکے آبائی وطن پاکستان واپس بھیج دیا ہے۔ اقرا نے سرحد عبور کرکے ایک ہندوستانی نوجوان سے شادی کی تھی، جس سے وہ محبت کرتی تھی۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 19 سالہ اقرا جیوانی کا کوئی مشتبہ یا مجرمانہ پس منظر نہیں ہے۔ وہ صرف اپنے عاشق ملائم سنگھ یادو سے شادی کرنے کے لیے بھارت آئی تھی۔
بتادیں کہ رواں برس 23 جنوری کو بیلندور پولیس نے خاتون کو اسکے شوہر کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ پاکستان کے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی اقرا کا آن لائن گیم لوڈو کے ذریعے ملائم سنگھ یادو سے تعارف ہوا تھا۔ اس دوران دونوں کے درمیان محبت ہوگئی اور انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اقرا اپنے والدین کو بتائے بغیر نیپال کے کھٹمنڈو چلی آئی، جہاں سے وہ بہار کے بیر گنج بارڈر کے راستے سے بھارت میں داخل ہوئی۔ دونوں نے سرجا پور روڈ کے قریب جناسندرا میں کرائے کے مکان میں رہائش اختیار کی۔ یادو نے اپنا آدھار کارڈ 'روا یادو کے نام سے بنوایا تھا اور پاسپورٹ کے لیے درخواست بھی دی تھی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں نے پاکستان میں اقرا کے والدین کا پتا لگایا اور مقامی پولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد پولیس ٹیم نے اقرا اور ملائم سنگھ یادو کو گرفتار کر لیا اور انہیں فارنرز ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) کے سامنے پیش کیا تھا۔ جس کے بعد حکام نے اقرا کا مجرمانہ پس منظر دیکھ کر اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا۔ذرائع کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اقرا اور ملائم دونوں کا کوئی مجرمانہ یا مشکوک پس منظر نہیں ہے۔ جانچ مقامی پولیس اور مرکزی ایجنسیوں نے کی تھی۔ دونوں چار سال سے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ میں تھے۔ حکام نے اقرا کو پاکستان ڈی پورٹ کرنے کی تیاری شروع کی تو اس نے واپس جانے سے انکار کر دیا اور ملائم سنگھ کے ساتھ رہنے پر اسرار کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس نے حکام سے درخواست کی کہ اسے ملک بدر نہ کیا جائے۔ نوجوان خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک ہندوستانی سے شادی کی ہے، اس لیے اسے اس کے ساتھ یہاں رہنے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ حکام نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان سے رابطہ کیا تھا اور اس عمل میں تقریباً دو ماہ لگے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر