Latest News

یوپی میں بورڈ امتحانات کا آغاز، پہلے دن طلبہ وطالبات میں دکھائی دیا جوش و خروش۔

دیوبند: سمیر چودھری۔ یوپی بورڈ کے سالانہ امتحان کا 16فروری سے آغاز ہوگیا ہے ، اس سال صوبائی سطح پر ان بورڈ امتحانات میں تقریباً 59لاکھ طلبہ وطالبات ہائی اسکول وانٹر میڈیٹ کے امتحان میں شرکت کررہے ہیں۔ طلبہ وطالبات کی یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلہ تقریباً 7لاکھ زائد ہیں ۔ ہائی اسکول کے امتحانات 12دنوں میں مکمل ہوںگے، جب کہ انٹر میڈیٹ کے امتحانات 14دنوں تک چلیں گے۔ یعنی 4مارچ کو بورڈ امتحانات اختتام پذیر ہوجائیں گے۔ یوپی بورڈ نے اس مرتبہ نقل سے پاک امتحانات کرانے کے لئے بڑے پختہ انتظامات کئے ہیں جس کے لئے مجسٹریٹ سے لے کر خفیہ محکمہ کی مدد لی جارہی ہے ۔ دیوبند میں اسلامیہ انٹر کالج ، گورنمنٹ گرلز انٹرکالج ، ایچ اے وی انٹر کالج، جین انٹر کالج، رام کرشن انٹر کالج اور دیگر کئی تعلیمی اداروں کو بورڈ امتحانات کا سینٹر بنایا گیا ہے ۔ ان تمام امتحانی سینٹروں پر سیکٹر مجسٹریٹ ، زونل مجسٹریٹ، فلائنگ اسکوائڈ اور جائزہ کار افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ پہلی میٹنگ میں ہونے والے ہائی اسکول کے ہندی مضمون کے امتحان میں 20نمبرات پر مشتمل کثیر الانتخاب سوالات کے سیکشن کے جوابات طلبہ وطالبات نے او ایم آر شیٹ پر دیئے ، اسی طرح سیکنڈ شفٹ میں منعقد ہونے والے انٹر میڈیٹ کے ہندی مضمون کے سوال نامے میں بھی ابتدائی 20نمبرات کے جواب طلبہ وطالبات نے او ایم آر شیٹ پر دیئے۔ نقل سے پاک امتحانات منعقد کرانے کے لئے جہاں پولیس ایس ٹی ایف اور خفیہ محکمہ کی مدد لی گئی ہے وہیں تمام امتحانی مراکز کے امتحان ہال اور احاطہ میں سی سی ٹی وی ، ڈی وی آر، رولر ڈیوائس اور ہائی اسپیڈ انٹر نیٹ کے ٹھوس انتظامات کئے گئے ہیں ، ان امتحانی مراکز کی نگرانی ضلع سطح پر انسپکٹر آف اسکول ضلع مجسٹریٹ اور کنٹرول روم سے کی جارہی ہے ، وہیں صوبائی سطح پر تمام امتحانی مراکز پر نظر رکھی جارہی ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ یوپی بورڈ نے جن اضلاع اور امتحانی مراکز کو حساس اور نہایت حساس کی کٹیگری میں رکھا ہے اس میں ضلع سہارنپور شامل نہیں ہے۔ پہلی اور دوسری شفٹ میں ہائی اسکول اور انٹر کے طلبہ وطالبات خوش نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ پیپر بہت شاندار ہوا ہے ۔ یوپی بورڈ انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے سخت انتظامات کی وجہ سے امتحان کے دوران مراکز کے ذمہ داران اور طلبہ وطالبات کو کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ وہیں دوسری جانب امتحان شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد دیوبند کے ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے دیوبند اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں ، ڈی وی آر اور انٹر نیٹ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ ایس ڈی ایم کا کہنا ہے کہ تمام امتحانی مراکز پر سبھی انتظامات درست پائے گئے اور کہیں بھی کوئی لاپرواہی، غفلت یا بدانتظامی نہیں پائی گئی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر