Latest News

سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس اے ایم احمدی کا انتقال، آل انڈیا ملی کونسل کے صدر مولانا عبداللہ مغیثی کا اظہار تعزیت۔

نئی دہلی :  سابق چیف جسٹس آف انڈیا‘جسٹس اے ایم احمدی کا آج یہاں ان کی قیام گاہ پر انتقال ہوگیا۔ احمدی 1994 تا 1997 چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز رہے تھے۔ انہوں نے احمدآباد میں سٹی سیول اور سیشن عدالت کے جج کی حیثیت سے اپنا کیرئیر شروع کیا تھا۔وہ ہندوستان کے واحد چیف جسٹس تھے جنہوں نے عدلیہ کے انتہائی نچلے مرتبہ کے عہدیداروں کو اعلیٰ ترین عہدہ تک پہنچنے کی راہ ہموار کی تھی۔ ایک اصول پسند شخص کی حیثیت سے انہوں نے کبھی متنازعہ فیصلے صادر کرنے میں شرم محسوس نہیں کی۔انہوں نے ججس کے کیس میں اختلاف ِ رائے ظاہر کیا تھا جبکہ بومئی کے کیس میں علیحدہ فیصلہ تحریر کیا تھا۔ انہوں نے جنرل ویدیا کے قاتلوں کے خلاف نصف شب کو فیصلہ صادر کیا تھا اور ایودھیا ایکٹ میں مخصوص علاقہ کے حصول ِ سے متعلق ایک فیصلہ کو غیردستوری قراردیتے ہوئے اقلیت کا حصہ بنے تھے۔ ہندوستان کے چیف جسٹس کے عہدہ پر طویل ترین عرصہ تک خدمات انجام دینے کے علاوہ انہوں نے مختلف کمیشنوں کی ذمہ داری بھی نبھائی تھی اور اپنی زندگی کے آخری حصہ تک ثالثی کے شعبہ میں سرگرم حصہ ادا کرتے رہے تھے۔

اُدھر، معروف و نامور شخصیت جسٹس احمدی کے انتقال پر عاشق ملت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی قومی صدر آل انڈیا ملی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت سے ملک کو عظیم نقصان پہنچا ہے ۔ وہ ایک قابل جج ، عظیم منصف اور قانون وعدل کا درخشندہ ستارے تھے ۔ ان جیسی ہستیاں عرصۂ دراز کے بعد پیداہوتی ہیں۔ وہ عدلیہ کے حوالے سے ایماندار ، لائق ، اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک جج تھے جنھوں نے عدلیہ میں بہت بڑانام کمایا ۔ ایسے لوگ مرتے نہیں بلکہ دنیاسے اوجھل ہوکر لوگوں کے دلوں میں تاقیامت زندہ رہتے ہیں۔

مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم ملی کونسل نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس احمدی ایک راست باز اور نڈر منصف اور جج تھے جنہوں نے انتہائی لگن اور استقامت کے ساتھ انصاف کی نمائندگی کی،وہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فراہمی انصاف کے لیے اپنی خدمات سر انجام دینے میں کامیاب اور سرخووہوں ہوئے ،انھوں نے ہمیشہ قانون وآئین کے علم کو بلند رکھا ۔ مظلوموں کے لئے ان کی خدمات ہمیں ہمیشہ ان کی یاد دلاتے رہیں گی۔
آخر میں مرحوم کے تمام پسماندگان اور متعلقین کی خدمت میں جامعہ رحمت گھگھرولی و ملی کونسل کی جانب سے تعزیت مسنونہ پیش ہے اور دعا ہے کہ اللہ رب العزت انھیں قبر میں چین و سکون نصیب فرمائے اور مغفرت فرماکر اعلی درجات نصیب فرمائے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر